تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کی کارکردگی اطمینان بخش : چیف منسٹر

صدر نشین بورڈ کی کے سی آر سے ملاقات ، عزم عمرہ پر خصوصی دعاؤں کی خواہش
حیدرآباد ۔ 29۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور انہیں وقف بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ محمد سلیم نے انہیں 2 اکتوبر کو عمرہ کیلئے روانگی کے پروگرام کی اطلاع دی۔ محمد سلیم 2 اکتوبر کو عمرہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کی واپسی 11 اکتوبر کو ہوگی۔ چیف منسٹر نے عمرہ کیلئے روانگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خواہش کی کہ تلنگانہ ریاست کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ چیف منسٹر نے بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ناجائز قبضوں کی برخواستگی کیلئے شروع کی گئی مہم کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس مہم کو ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ ناجائز قبضوں کی برخواستگی کیلئے محکمہ جات پولیس اور ریونیو کے تعاون کو یقینی بنانے کیلئے انہوں نے ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران وقف بورڈ نے کئی اہم جائیدادوں کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات میں کامیابی کیلئے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے گزشتہ دنوں حیدرآباد کے جمعرات بازار علاقہ میں اونٹ واڑی قبرستان کے تحفظ سے واقف کرایا اور بتایا کہ قبرستان کو اصطبل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے نہ صرف جانوروں کو ہٹایا بلکہ قبرستان کی حصاربندی کیلئے ایک لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ جاریہ اراضی سروے میں اوقافی اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایات دی جائے کہ اوقافی اراضیات کو ریونیو ریکارڈ میں شامل کریں۔ چیف منسٹر نے محمد سلیم کو مشورہ دیا کہ بورڈ کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس کو اوقافی اراضیات کا ریکارڈ حوالے کیا جائے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی سے مشاورت کرنے کی صلاح دی۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ نے آج چیف اگزیکیٹیو آفیسر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے غیاب میں اوقافی جائیدادوں کے سلسلہ میں کسی بھی متنازعہ فیصلہ سے باز رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی مقام پر ناجائز قبضوں کی شکایت موصول ہو تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ بورڈ متنازعہ فیصلوں کے ذریعہ عوامی تنقید کا نشانہ بنے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقف مافیا اور بروکرس کے دباؤ کو ہرگز قبول نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی واپسی تک تمام ملازمین کے تقررات اور تعلیمی سند سے متعلق تفصیلات جمع کرلی جائیں۔ واپسی کے بعد 16 اکتوبر تک بورڈ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے غیر مجاز تقررات کے معاملہ کا جائزہ لیا جائے گا۔