تلنگانہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 9 جون سے ؟

حیدرآباد 30 مئی ( آئی این این ) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کا امکان ہے کہ 9 جون سے آغاز ہوگا ۔ ٹی آر ایس لیڈر مسٹر ایٹالہ راجندر نے آج قانون ساز اسمبلی کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہوں نے اسمبلی کے پہلے اجلاس کی طلبی کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے بموجب حالانکہ ابھی اجلاس کی طلبی کی قطعی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے تاہم پہلا اجلاس 9 جون سے 12 جون تک منعقد ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی کا پہلا اجلاس روایتی انداز کا ہوگا ۔ جہاں نئے ارکان کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ پہلے سشن کے دوران اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔ ابھی یہ طئے نہیں ہوا ہے کہ ٹی آر ایس نے اسپیکر کے عہدہ کیلئے کس کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹی آر ایس سربراہ کابینہ کی تشکیل کے سلسلہ میں مصروف ہیں اور وہ پارٹی قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ تلنگانہ اسمبلی کے پہلے سشن کے دوران گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن اجلاس سے خطاب کرینگے ۔