تلنگانہ اسمبلی انتخابات کا وسط ڈسمبر میں انعقاد

نئی دہلی ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کا امکان غالب ہیکہ وسط ڈسمبر میں انعقاد عمل میں آئے گا۔ الیکشن کمیشن نے اشارہ دیا ہیکہ دیگر چار ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، میزورم، چھتیس گڑھ کے ساتھ انتخابی شیڈول مقرر کیا جاسکتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے کہا کہ اگر ریاست تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار نہیں ہے تو بعدازاں تاریخ طئے کی جائے گی۔ چار ریاستوں میں اس سال کے اواخر میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ساتھ تلنگانہ کے انتخابات بھی کروائے جائیں گے لیکن انتظامات نہ ہونے کی صورت میں متبادل تاریخ طئے کی جائے گی۔ جنوبی ہند کی ریاست میں انتخابی مشنری پوری طرح تیار نہیں ہے تو الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے جلدی نہیں کرے گا۔ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان کی تکمیل اطمینان بخش نہیں ہے تو انتخابات جنوری یا فبروری میں کروائے جاسکتے ہیں۔ 5 مارچ 2019ء تک تلنگانہ کی نئی اسمبلی تشکیل پانے کی مہلت پائی جاتی ہے۔ اسی دوران ڈپٹی الیکشن کمشنر اومیش سنہا نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی تیاریوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی ٹیم کو روانہ کیا ہے اور انتخابی عمل کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے کی جانے والی شکایتوں کا بھی ہم نوٹ لے رہے ہیں۔ یہ ٹیم اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔ بعض سیاسی پارٹیوں نے شکایت کی ہیکہ تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان سے کئی ناموں کو حذف کردیا گیا ہے۔ ہم نے تمام ضلع عہدیداروں اور بی ایل اوز کو ہدایت دی ہیکہ وہ ہر ایک اہل رائے دہندہ کا نام فہرست میں درج کرے ۔