تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کو منظوری

حکومت کا 250 کروڑ روپئے جاری کرنے سے اتفاق۔ دو مراحل میں رقومات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین اور ورکرس کو واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 250 کروڑ روپئے جاری کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ یہ رقومات علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے موقعہ پر منظم کردہ عام ہڑتال کی مدت سے متعلق تنخواہ اور تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق سفارشات کی روشنی میں عبوری راحت کے ساتھ گرانی الاونس و سی سی ایس سے متعلق واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی کیلئے دی جائیں گی ۔ وزیر فینانس ای راجندر نے رقومات فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے اور بتایا کہ رقومات دو مرحلوں میں فراہم کی جائیں گی ۔ اندرون ایک ہفتہ 125 کروڑ روپئے جاری کردئیے جائیں گے ۔ ان بقایا جات کی ادائیگی کے تعلق سے تلنگانہ مزدور یونین کارگزار صدر ایم تھامس ریڈی ، جنرل سکریٹری ٹی ایم یو ای اشوادھاما ریڈی و دیگر قائدین نے ریاستی وزیر فینانس مسٹر ای راجندر ، وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ ، پرنسپال سکریٹری محکمہ فینانس کے راما کرشناراؤ اور پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ و انچارج منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر سنیل شرما سے ملاقات کر کے رقومات جاری کرنے کی موثر نمائندگی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 روزہ عام ہڑتال کے دنوں کے دوران کی تنخواہ آر ٹی سی ملازمین کو واجب الادا ہے جو کہ 80 کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے ۔ ان قائدین نے بتایا کہ وزراء نے جملہ 250 کروڑ روپئے ٹی ایس آر ٹی سی کو فی الفور جاری کرنے کی پرنسپال سکریٹری محکمہ فینانس کو ہدایت دی ۔