تلنگانہ، ملک میں خوشحال اور مثالی ریاست بن جائے

عازمین حج سے دعاء کرنے ہریش راؤ کی اپیل، سدی پیٹ میں تہنیتی و تربیتی اجتماع سے خطاب

سدی پیٹ۔/18جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تلنگانہ ریاست ملک بھر میں ایک مثالی ریاست بن کر اُبھرے اور یہاں کی عوام میں خوشحالی آئے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے مدینہ فنکشن ہال میں حج سوسائٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے جلسہ تہنیت و تربیتی اجتماع میں مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس سال سدی پیٹ ضلع سے 40 عازمین کی سفر حج کیلئے روانگی پر ہریش راؤ نے مسرت کا اظہار کیا اور تلنگانہ ریاست اور عوام میں خوشحالی اور امن وامان کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ میں 2 کروڑ کی لاگت سے ریاست کا دوسرا حج ہاوز تعمیر کیا جارہا ہے جو عازمین حج کی واپسی تک تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں سماج کے ہر طبقہ کیلئے فلاح و بہبودی کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تیقن دیتے ہوئے کہا کہ غریب مستحق مسلمانوں کو ڈبل بیڈ روم فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ سدی پیٹ میں 2500 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر عنقریب مکمل ہوجائے گی۔ سدی پیٹ میں عنقریب ریلوے لائن کے کام کا بھی آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے 1200 کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ سدی پیٹ میں تعمیررزگا نائک ساگر سے 10 ہزار ایکڑ زراعت کیلئے آبی سربراہی جاری ہے۔ اس پروگرام میں ریاستی وزیر کے ہاتھوں عازمین حجاج کی گلپوشی کی گئی۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی فاروق حسین نے بات کرتے ہوئے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور چیف منسٹر کے سی آر کی صحت و ترقی کیلئے دعاء کی اپیل کی۔ اس طرح صدر نشین حج کمیٹی تلنگانہ ریاست مسیح اللہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 4600 عازمین تلنگانہ سے سفر حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں جو تلنگانہ حج سوسائٹی کو خدمت انجام دینے کا موقع ملا ہے۔