تلخ یادوں کو فراموش کرنے عوام سے خواہش، اتحاد پر زور

بھینسہ میں جمعہ کو گنیش وسرجن اور یوم عاشورہ کیلئے پولیس کے سخت انتظامات : آئی جی پی
بھینسہ۔/19 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر جو ریاست تلنگانہ میں ایک حساس مقام تصور کیا جاتا ہے جس کی تاریخ فرقہ وارانہ فسادات سے بھری ہوئی ہے لیکن بھینسہ کی عوام نے گزشتہ تین سالوں سے گنیش وسرجن اور عیدالاضحی کو ایک روز منعقد ہونے پر پُرامن طور سے آپسی اتحاد کے ذریعہ مناتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کی جو مثال پیش کی ہے کہ اس مثال کو ریاست کے اعلیٰ عہدیداران کی جانب سے کافی سراہا گیا ہے اور شہر کے دونوں طبقوں کے ذمہ داران کی ستائش کی گئی ہے۔ لیکن جاریہ سال بھینسہ میں یوم عاشورہ ، گنیش وسرجن جلوس بروز جمعہ 21ستمبر کو منعقد ہے جس کی وجہ سے ریاست کے اعلیٰ حکام کی جانب سے بھینسہ شہر میں خصوصی نظر رکھتے ہوئے امن وامان کی برقراری کیلئے سرکاری مشنری کو متحرک کردیا گیا جبکہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نارتھ زونIGP ورنگل مسٹر ناگی ریڈی نے گزشتہ شام ضلع نرمل ایس پی مسٹر ششی دھر راجو کے ہمراہ بھینسہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے ڈی ایس پی دفتر احاطہ میں ایک امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے دونوں طبقوں کے اثر و رسوخ رکھنے والے ذمہ داران اعجاز احمد خان سابق وائس چیرمین بلدیہ ، مرلی گوڑ نمائندہ صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی، سی شنکر ایڈوکیٹ گنیش اتسو کمیٹی، پی چننا، ٹی سینو، محمد سعید احمد ایڈوکیٹ، ضلعی صدر ویلفیر پارٹی عبدالجبار بنارسی، شیخ منیر قریشی ، جی روی، نظام ، وینو گوپال، ڈاکٹر ناگیش، وکیل احمد کونسلر کے علاوہ شیخ الطاف حسین، محمد کلیم، عبدالغفار، این ٹی آر لکشمن اور اراکین بلدیہ و دیگر کی کثیر تعداد کو مدعو کیا گیا۔ جبکہ اس اجلاس میں آر ڈی او بھینسہ ای راجو، نرمل ایس پی ششی دھر راجو، بھینسہ ڈی ایس پی بی راجیش، سرکل انسپکٹران سرینواس ( ٹاؤن) پراوین کمار ( رورل ) سرینواس ( مدہول ) کے علاوہ ڈیویژن بھینسہ کے سب انسپکٹران موجود تھے۔نارتھ زون ( آئی جی پی) ورنگل مسٹر ناگی ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھینسہ کی عوام تلخ یادوں کو فراموش کرتے ہوئے آپسی اتحاد کے ذریعہ یوم عاشورہ اور گنیش وسرجن جلوس کو بروز جمعہ پرامن ماحول میں مناتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھیں اور کسی بھی افواہوں پر دھیان نہ دیتے ہوئے کسی قسم کی شرانگیزی پر محکمہ پولیس کو اطلاع دیں۔ تاکہ پولیس شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس کیلئے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ مشاہدہ کرتے ہوئے جلوس کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جے ساؤنڈ پر سپریم کورٹ کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے اس لئے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اور متنازعہ گیتوں کے ذریعہ کسی بھی فرقہ کی دل آزاری نہ کی جائے بلکہ جلوس کے دوران ایک دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے آپسی اتحاد کے ذریعہ گنیش تہوار کو ایک طبقہ کا تہوار نہیں بھینسہ شہر کی عوام کا گنیش جلوس سمجھتے ہوئے آپسی اتحاد و قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے نوجوان طبقہ کو نصیحت آموز مشورہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ ملک کا مستقبل ہوتا ہے اور اپنے افراد خاندان کا بھی مستقبل ہوتا ہے اس لئے نوجوان طبقہ جذباتی نعرے اور جذبات میں مشتعل نہ ہوں بلکہ کسی بھی واقعہ پر ذمہ داران سے رجوع ہوکر آپسی اتحاد کے ذریعہ حل کریں۔ بعد ازاں مختلف ذمہ داران شہر کی جانب سے آئی جی پی کی شال پوشی کی گئی۔ آئی جی پی ورنگل ناگی ریڈی نے پولیس عہدیداران کے ہمراہ گنیش وسرجن جلوس کے راستوں اور نمرجن مقام گڈوناواگو پراجکٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ مختلف محکمہ جات ریونیو، بلدیہ، برقی اور پولیس کو بہتر سے بہتر انتظامات کرتے ہوئے وسرجن جلوس کو پرامن ماحول میں منانے کی ہدایت دی اور پولیس کی جانب سے کڑی نظر رکھتے ہوئے سخت صیانتی انتظامات کرنے پر زور دیا۔