تقسیم کی باتوں سے تباہی کا اندیشہ: نتیش کمار

پٹنہ۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے تحفظات کے مسئلہ پر بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے انتباہ دیا کہ عوام کو تقسیم کرنے والی زبان استعمال کرنے سے ہندوستان کھوجانے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو متنبہ کیا کہ وہ مایوسی کے عالم میں عوام میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس طرح سے متحدہ ہندوستان ٹکڑے ٹکڑے ہوجانے کا اندیشہ پیدا ہوجائے گا۔ حالانکہ نتیش نے اپنے ردعمل کو تفصیلی طور پر پیش نہیں کیا، لیکن وہ انتخابی جلسوں میں اپنی تقریروں کے دوران واضح کرچکے ہیں کہ وزیراعظم مودی دوسرے فرقے کا حوالہ دے کر درحقیقت مسلمانوں کی طرف اشارہ کررہے ہیں اور اس طرح بہار کے عوام کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کی سیاست کے نتائج 1947 ء میں ہندوستان پہلے ہی بھگت چکا ہے اور ان کے اعادہ کیلئے تیار نہیں ہے۔
وزیراعظم کے الزامات پر جنتا دل یو کا تردیدی بیان
اس دوران جنتا دل (یو) نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے ان الزامات کی تردید کی کہ چیف منسٹر نتیش کمار نے اگسٹ 2005ء میں پارلیمنٹ میں مذہبی بنیادوں پر پانچ فیصد تحفظات کی تائید و حمایت کی تھی۔ پارٹی کے راجیہ سبھا رکن اور قومی ترجمان پون ورما نے کہا کہ نتیش جو بہار میں عظیم سکیولر اتحاد کے وزارت اعلیٰ امیدوار ہیں، انھوں نے کبھی اس قسم کی بات نہیں کہی جس کا وزیراعظم نے آج گوپال گنج میں منعقدہ ایک ریلی میں دعویٰ کیا ہے۔