تقسیم وظائف میں بدعنوانی پر عہدیداروں کو انتباہ

یلاریڈی /11 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وظائف کی منظوری کیلئے مواضعات میں گھر گھر سروے کروایا گیا اور سروے کے ہر فارم پر متعلقہ عہدیدار کے دستخط موجود ہیں ۔ اگر کسی غیر مستحق کو وظیفہ کرواکر بدعنوانی کی گئی تو ان عہدیداروں کو ملازمین سے ہاتھ دھونا پڑے گا ۔ یلاریڈی رنک اسمبلی مسٹر رویندر ریڈی نے یہ بات کہی ۔ منڈل سداشیونگر میں منڈل پریشد آفس احاطہ میں منڈل پریشد صدر شریمتی وجیا کی زیر صدارت منعقدہ پروگرام میں آسرا اسکیم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی کے طور پر رکن اسمبلی نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی چندرا شیکھر راؤ اپنا وعدہ پورا کرتے دیکھ کر کانگریس ، تلگودیشم قائدین کو برداشت نہیں ہو رہا ہے ۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں سے ہی آج تلنگانہ عوام کو برقی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جبکہ موجودہ سرکار نے آنے والے تین سال میں 24 گھنٹے سربراہ کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ضرور اسے بھی پورا کرکے عوام کو راحت پہونچائی جائے گی ۔ منڈل گندھاری پر بھی یلاریڈی رکن اسمبلی مسٹر رویندر ریڈی نے آسرا اسکیم کا آغاز کریت ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ مستحق فرد کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہر مستحق کو وظائف منظور کئے جائیں گے ۔ آسرا اسکیم کا آغاز تو کردیا گیا ہے لیکن پہلی فہرست میں کئی مستحق افراد کے ابھی نام شامل نہیں کئے گئے ہیں جس سے ان لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ عہدیدار کہہ رہے ہیں کہ دوسری فہرست میں تمام مستحق افراد کے نام درج ہوں گے ۔ اگر ایسا ہے تو جلد از جلد باقی تمام مستحقین کے نام کی فہرست جاری کرتے ہوئے انہیں بھی سرکار کی امداد سے مستفید کیا جائے ورنہ غریب ضعیف العمر افراد کا تشویش میں مبتلا ہونا بھی ان کی صحت کیلئے ٹھیک نہیں ۔ اس لئے تلنگانہ سرکار عہدیداروں کو غیر معمولی دلچسپی کے ساتھ وظائف کی فہرست تیار کرنے کا احکام دے ۔