گلبرگہ میں مختلف مسلم ملی تنظیموں کی جانب سے چیف منسٹر کو یادداشت روانہ
گلبرگہ2؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گلبرگہ کی مختلف مسلم ، ملی تنظیموں پر مشتمل حیدرآباد کرناٹک مسلمس آرگنائزیشن فرنٹ نے حکومت کرناٹک سے17؍ستمبر کو یوم انضمام حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر نہ منانے کا پر زور مطالبہ کیا ہے ۔ فرنٹ میں شامل تنظیموں کے عہدیداران پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے آج ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کی معرفت سے چیف منسٹر کرناٹک سدرامیا کو یادداشت روانہ کرتے ہوئے 17؍ستمبر کو سرکاری سطح پر یوم انضمام حیدرآباد کرناٹک نہ منانے کا مطالبہ کیا ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ 17؍ستمبر کو کو سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب سے مسلمانوں کی بڑی دل آزاری ہوئی ہے ۔ کیونکہ 17؍ستمبر 1948ء کو پولیس ایکشن کے نام پر علاقہ حیدرآباد کرناٹک اور مراٹھواڑہ میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ۔ مسلم خواتین کی بے حرمتی کی گئی، مسلمانوں کی اس تباہی میں فوج اور اُس وقت کے فرقہ پرست غنڈہ عناصر برابر کے شریک تھے ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر سدرامیا کو ایک سیکولر حکومت کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے17؍ستمبر کو یوم انضمام حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر نہ منانے کا اعلان کرنا چاہئے ۔ یادداشت میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے بھی وہاں 17؍ستمبر کو یوم انضمام کی کوئی تقریب سرکاری سطح پر نہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ یادداشت میں بتایا گیا ہے کہ اس تاریخ کو مراٹھواڑہ میں بھی کوئی تقریب سرکاری سطح پر نہیں منائی جائیگی۔ یادداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں یوم انضمام کو سرکاری سطح پر یوم آزادی کی طرح منایا جارہا ہے جو ایک غلط روایت ہے ۔ ایک ملک کے دو جشن آزادی نہیں ہو سکتے یادداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست حیدرآباد کے بشمول500سے زائد ریاستوں کا ہند یونین میں انضمام ہوا ہے تو کیا ان تمام ریاستوں کا بھی یوم انضمام منایا جانا چاہئے ۔ کرناٹک کی پچھلی حکومتیں فرقہ پرستوں کے دبائو میں آکر 17؍ستمبر کے یوم انضمام حیدرآباد کرناٹک سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا لیکن چیف منسٹر سدرامیا سے جو کٹر سیکولر نظریات کے حامی ہیں یہ تو قع بجا طور پر کی جاسکتی ہے کہ وہ فرقہ پرستوں کے ایجنڈہ پر خاطی عمل نہیں کریں گے ۔ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست رکن مرکزی شوریٰ کل ہند مجلس تعمیر ملت، سید مظہر حسین ایڈوکیٹ بانی صدر گلبرگہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن گلبرگہ، ممتاز سماجی جہد کار محمد معراج الدین بانی و کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم ، حافظ محمد اقبال ضلعی سیکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ ، سید حبیب الدین سرمست صدر مجلس ٹیپو سلطان ، مودین پٹیل سیکریٹری حیدرآباد کرناٹک مسلم پٹیل منچ اور ڈاکٹر مرزا منیر بیگ و موظف ضلع سرجن گلبرگہ وفد میں شامل تھے ۔