تقریب جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز ؒ

کلبرگی: /4 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز ؒ کے 611ویں عرس شریف سے ایک ماہ قبل کل بتاریخ 3اگست 2015 مطابق ۷۱شوال المکرم حضرت بندہ نوازؒ کی گنبد مبارک پر حسب روایات قدیم جھیلہ چڑھایا گیا ۔ قبل ازیں محبوب گلشن گلبرگہ میں نماز عصر ادا کی گئی ۔ مولانا سید عبدالرشید صاحب صدر مدرس دارالعلوم دینیہ بارگاہ بندہ نواز ؒ نے امامت فرمائی ۔ بعدازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میںلایا گیا۔ محفل سماع میں حضرت سید علی الحسینی خلف اکبر و جانشین تقدس مآب حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز ؒ ،جناب ڈاکٹر سید شاہ مصطفی حسینی فرزند اصغر حضرت سجادہ نشین بارگاہ بندہ نواز ؒ ، حضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی صاحب چیف ایڈیٹر کے بی این ٹائیمز، سید احمد حسینی ، سید ذکی حسینی ، سید واجد شریک معتمد درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے علاوہ مریدین و معتقدین اور معزز شہریان کی کثیر تعداد محفل سماع میں شریک تھی۔ جناب عبدالرئوف بندہ نوازی اور محمد قوال نے منقبتی کلام سنایا ۔ شام 6بج کر 15منٹ پر جلوس جھیلہ مبارکہ کی روانگی عمل میں لائی گئی ۔ شہر کی اہم شاہراہوںسے ہوتا ہوا جھیلہ مبارک درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ پہنچا ۔ رات 9.30بجے بارگاہ عالیہ بندہ نواز میں جلوس مبارکہ کا ورود ہوا۔گیارہ سیڑھی بارگاہ بندہ نواز ؒ پر تقدس مآب ڈاکٹر حضرت سید شاہ گیسودراز خسروحسینی صاحب قبلہ نے جلوس جھیلہ مبارک کا استقبال کرتے ہوئے جھیلہ مبارک کی کشتی اپنے سر پر اٹھاکر درگاہ شریف میں روانہ فرمائی۔ بارہ دری پر حضرت سجادہ نشین صاحب قبلہ نے ایک مسلم اور ایک غیر مسلم شخص کی دستار بندی کی اور جھیلہ مبارک ایک شخص کے پیٹھ پر باندھ دیا گیا جبکہ دوسرے شخص کے ہاتھ میںمشعل دی گئی ۔ بعد ازاں یہ دونوںحضرات جھیلہ چڑھانے کے لئے گنبد مبارک پر چڑھ گئے ۔جھیلہ گنبد مبارک پر چڑھانے کے بعد جب یہ دونوں حضرات واپس ہوئے تو فوری طور پر فاتحہ کی محفل ہوئی ، تبرکات پیش کئے گئے اور بعد ازاں محفل سماع منعقدکی گئی ۔اس موقع پر حضرت سید شاہ حسن شبیر حسینی سجادہ نشین روضہ منورہ خرد، حضرت سید محمد علی الحسینی ، داکٹر سید مصطفی حسینی ، حضرت سید شاہ یوسف حسینی برادر سجادہ نشین ، سید شاہ عارف حسینی برادر سجادہ نشین ، سید شاہ صفی اللہ حسینی عم محترم حضرت سجادہ نشین، سید شاہ تقی اللہ حسینی چیف ایڈیٹر روزنامہ کے بی این ٹائیمز، حضرت سید شاہ باقر شبیر حسینی عرف ندیم بابا، سید ذکی حسینی ، سید ید اللہ حسینی ، سید شاہ کرامت حسینی ، سید شاہ احمد حسینی ، میر صدر الدین علی خان صاحب، مولانا سید عبدالرشید صاحب ،مولانا تنویر صاحب ،مولانا جمیل احمد صدیقی صاحب، میر تراب علی خان صاحب بندہ نوازی سجادہ نشین ہلکٹہ شریف، جناب قطبی حسینی صاحب وغیرہ کے علاوہ مریدین ، معتقدین اور معزز شہریان کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ ان مبارک مجالس کی نگرانی سجادہ نشین ڈاکٹر حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی نے فرمائی۔ جمیع افراد خانوادہ روضہ منورہ بزرگ، و جمیع افراد روضہ منورہ خرد کے علاوہ عمائیدین شہر ، مریدین ،و معتقدین کے علاوہ بلالحاظ مذہب وملت عامتہ الناس کی کثیر تعداد تقریب جھیلہ مبارک میں شریک تھی ۔ تقریب جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے کامیابی کے ساتھ انصرام پر تمام مریدین و معتقدین و معزز شہریان کی جانب سے ڈاکٹر حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی سجادہ نشین ، کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔