پیرس۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شاہ سلمان نے فرانس کے ساحل سمندر پر واقع مشہور تفریحی مقام ’فرینچ رویرا‘ تک عوامی رسائی ہر پابندی سے پیدا ہونے والے حالات کے بعد تعطیلات کو مختصر کر دیا ہے۔ تفریحی مقام تک عوام کی رسائی پر پابندی سکیورٹی کے تناظر میں عائد کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق شاہ سلمان نے وہاں تین ہفتوں کا وقت گزارنا تھا تاہم وہ آٹھ دن قیام کے بعد ہی مراقش روانہ ہوگئے ہیں۔ ساحلی قصبے ویلیرئس میں تقریبا ایک لاکھ افراد نے عوامی مقام کی بندش کے خلاف ایک پٹیشن پر دستخط کیے تھے۔ ساحل پر واقع میراندول نامی تفریحی مقام بھی شاہ سلمان کے ذاتی رہایش کے قریب ہے اور فرانسیسی حکام نے اسے سعودی حکمران کے سکیورٹی کے پیش نظر سیل کرنے کی حامی بھری تھی۔اس عمل کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فرانس کے قانونی مساوات کے مغائر ہیں۔دوسری جانب ایک سعودی ذرائع نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ شاہ سلمان کی روانگی ان کی تعطیلات کے پروگرام کا حصہ تھی اور اس کا تعلق اس میڈیا کوریج سے نہیں ہے جو انھیں یہاں آنے پر ملی۔ سعودی فرمانروا ایک ہفتہ سے کچھ زیادہ قیام کے بعد تنازعہ پیدا ہوجانے کے بعد اپنے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے ساتھ آج وطن واپس ہوگئے۔ ملک سلمان کے 8 روزہ قیام کے بعد وطن واپسی پر الگ تھلگ کردہ ساحل سمندر کھول دیا گیا۔ اپنے ایک ای میل میں فرانسیسی خبررساں ادارہ نے کہاکہ ملک اپنے منصوبہ کے مطابق واپس ہوئے ہیں، اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔کارکنوں نے آج عارضی طور پر کھڑا کی ہوئی رکاوٹوں کے انہدام کو معمول کی کارروائی قرار دیا۔