نئی دہلی ۔ /28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ان کی تین سالہ حکومت کی کارکردگی سے متعلق مختلف میڈیا کی جانب سے پیش کی گئی تجزیاتی رپورٹوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تعمیری تنقید ہی جمہوریت کو مستحکم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوپنین پولس اور سروے میں ان کی حکومت کے کام کاج کی ستائش کی گئی ہے ۔ بعض نے ان کاموں کی حمایت کی ہے تو بعض نے خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے ۔ اس طرح کے عمل کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران /26 مئی کو ان کی حکومت کی تین سالہ تکمیل کا جائزہ لیا گیا اور سروے کروائے گئے ۔ ان کا جمہوریت پر ایقان ہے ۔ اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ حکومت ہی جوابدہ ہونا چاہئیے ۔ تعمیری تنقید جمہوریت کو مضبوط بناتی ہے اور اس کی سطح کو بلند کرتی ہے ۔ ایسے عوامل نہایت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ۔ وزیراعظم نے بعض سرویز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان سروے میں تمام محاذوں پر حکومت کی کارکردگی کی تفصیل بھی پیش کی گئی ۔ یہ بہت بڑا عظیم کام ہے ۔ انہیں جمہوریت پر مکمل ایقان ہے ۔ حکومت کو بھی اپنی کارکردگی کا رپورٹ کارڈ عوام کو پیش کرنا چاہئیے ۔ گزشتہ تین سال کے دوران عوام نے مجھے پردھان سیوک کی ذمہ داری حوالے کی تھی اور میں نے جو کچھ کام کیا اس پر کئی سروے کروائے گئے اور کئی اوپنین پولس بھی حاصل کئے گئے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پورا عمل صحت مندانہ ہے ۔ جن لوگوں نے میرے کاموں کو تنقیدی زاویے سے دیکھا ۔ یہ میرے لئے حوصلہ افزائی کی بات ہے ۔ میں اس طرح کے عمل کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ۔ اس سے کمزوریاں اور خامیاں درست کرنے کا موقع ملے گی ۔