نکریکل میں کانگریس قائدین و کارکنوں کے اجلاس سے راج گوپال ریڈی، کے وینکٹ ریڈی اور دیگر کا خطاب
نلگنڈہ۔ 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایوانوں میں حق کی آواز کو کچل دینے کیلئے منظم طریقہ سے حکمراں جماعت ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی میں شامل کررہی ہے۔ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں تعلیم یافتہ اور ملازمین حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت میں ملک میں عدم رواداری کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کیلئے پارٹی قائدین و کارکن سرگرم ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی منو گوڑ راج گوپال ریڈی کا حلقہ لوک سبھا بھونگیر کے ککانگریس امیدوار و سابق ریاستی وزیر کے وینکٹ ریڈی حلقہ اسمبلی نلگنڈہ و نکریکل کانگریس قائد ڈی نرسمہا ریڈی نے آج حلقہ اسمبلی نکریکل کے چیٹیال زامنا پیٹ، نارکٹ پلی و دیگر منڈلوں کے پارٹی قائدین و کارکنوں کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ حلقہ لوک سبھا انچارج راج گوپال ریڈی نے کہا کہ چار مرتبہ اسمبلی میں موثر نمائندگی کرنے والے میرے بھائی کے وینکٹ ریڈی کو لوک سبھا میں بھی تائید و کرتے ہوئے حلقہ کی ترقی میں حصہ دار بنیں۔ انہوں نے کانگریس سے منحرف ہونے والے رکن اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھانا دے کر سیاست کی خیرات دینے والوں کے خلاف یہاں کے رکن اسمبلی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں پارٹی کے قائدین دباؤ ڈال کر کامیاب بنانے کے بعد اس طرح پارٹی کو تبدیل کردیا ہے ان کو عوام بہتر سبق سیکھانا بھی جانتی ہے۔ لوک سبھا بھونگیر کے امیدوار کے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے سونیا گاندھی کی سنجیدہ قیادت نے بل کو پاس کروایا۔ تلنگانہ سے کانگریس کے زیادہ سے زیادہ ارکان کو منتخب کرواتے ہوئے علیحدہ ریاست کا تحفہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ چار مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور ایوانوں میں عوام کے جذبات کی عکاسی کی گئی ہے۔ کابینہ سے وہ علیحدہ ریاست کیلئے مستعفی ہوئے اور 11 روز تک غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کی تھی۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ لوک سبھا بھونگیر میں مثالی ترقی کیلئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کانگریس قائد ڈی نرسمہا ریڈی نے کہا کہ پارٹی قائدین و کارکنوں پر زور دیا کہ 11 اپریل تک ریاست بھر میں انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کانگریس امیدواروں کو بالخصوص حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کے امیدوار این اتم کمار ریڈی، لوک سبھا بھونگیر کے امیدوار کے وینکٹ ریڈی کو کامیاب بنائیں اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں عوام کی مکمل تائید کانگریس کے ساتھ تھی لیکن ای وی ایم مشینس ٹی آر ایس کی تائید میں تھی۔ لوک سبھا انتخابات میں حکمراں جماعت کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ اس اجلاس میں پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔