تعلیم یافتہ انسان کی سماج میں قدر و منزلت

سدی پیٹ 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تنظیم المساجد سدی پیٹ کی زیرسرپرستی گرلز اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے بعنوان ’’اعلیٰ تعلیم اور معاشرے میں ہماری ذمہ داریاں‘‘ سمینار اور دعوت افطار و طعام کا نظم ایس ایس فنکشن ہال میں انعقاد عمل میں آیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے عارفہ رخسانہ لکچرار گورنمنٹ ڈگری کالج سدی پیٹ نے شرکت کی۔ سمینار میں ایس ایس سی تا ڈگری کی طالبات نے حصہ لیا۔ اجلاس کی صدارت انجم آرا نے کی۔ اس موقع پر عارفہ رخسانہ نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ہمارے معاشرہ تعلیم کو صرف روزگار سے مربوط کرنے کا جو نظریہ رکھتا ہے وہ غلط ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم ہی انسان کا زیور ہے۔ تعلیم یافتہ کو سماج میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ایک تعلیم یافتہ لڑکی گھر اور گرہستی کو تعلیم سے آراستہ کرتی ہے۔ تعلیم یافتہ لڑکی حسن اخلاق سے پیش آتی ہے۔ تہذیب اور تمدن کو پیش کرتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایس ایس فنکشن ہال تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ انجم آراء نے صدارتی تقریر میں بتایا کہ شہر سدی پیٹ کی تاریخ میں پہلی بار تنظیم المساجد کے حرکیاتی صدر جناب اعجاز حفیظ کی کاوشوں کی وجہ سے سمینار کا انعقاد عمل میں آیا۔ ان کے علاوہ ارکان شوریٰ منیرالدین، عظیم الدین، عتیق محی الدین، نوید احمد، محمود اور معزالدین کی زیرنگرانی دعوت افطار اور طعام کا اہتمام کرتے ہوئے ہماری ہمت افزائی کی جس کا گرلز اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن صدر تنظیم اور ارکان شوریٰ کا شکر گذار ہیں کیونکہ خواتین کی رہبری کرتے ہوئے سمینار کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ نکہت، صبا، شبانہ اور فرحین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔