تعلیم نسواں پر تحقیقاتی مقالہ پیش کرنے پر ڈاکٹریٹ

بیدر۔/3اکٹوبر، ( پریس نوٹ )جناب محمد گلسین
(Gulseen) بلاک ایجوکیشن آفیسر کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطاء کی ہے۔ انہوں نے اپنا مقالہ بعنوان ’’ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے پالیسی اقدامات۔ ضلع بیدر کرناٹک کا ایک تجزیاتی مطالعہ‘‘ زیر نگرانی پروفیسر ریحانہ سلطانہ صدر شعبہ تعلیم نسواں اردو یونیورسٹی پیش کیا۔ڈاکٹر محمد گلسین نے اپنے مقالہ میں تعلیم کے مفہوم کو سمجھاتے ہوئے مختلف ادوار میں تعلیم نسواں کے طریقہ کار ،ضرورت و اہمیت اور عملی جہت، خاص کر ہندوستان میں تعلیم نسواں کا آغاز و ارتقاء کو آریاؤں، برہمنوں، بدھوں، مسلمانوں اور انگریزوں کے ادوار میں پیش کیا ہے۔ آزاد ہندوستان میں عورتوں کیلئے آئینی تحفظات اور تعلیم ، کمیشن اور کمیٹیاں برائے تعلیم نسواں، پنج سالہ منصوبوں میں خواتین کی تعلیم کو بڑے ہی پُراثر انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ مطالعہ خاص طور پر ضلع بیدر میں تعلیم نسواں کا تاریخی پس منظر، تعلیم نسواں کے فروغ میں حکومت کے مراعات، موجودہ تعلیمی صورت حال، ترغیبی اقدامات، حکومتی اسکیمات جیسے کئی نکات پر تحقیقی رپورٹ بنائی ہے جس کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے اور ستائش کی گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد گلسین نے تعلیم نسواں کے لئے کئی تجاویز حکومت کرناٹک کو دی ہیں جس میں سے کئی پر عمل آوری ہورہی ہے۔