تعلیم عملہ پور میں جموں و کشمیر انفنٹری کی چھٹی بٹالین کے ریسلرس کو تربیت

انٹر یونٹ ریسلنگ چمپئن شپ میں شاندار مظاہرہ پر الہاجری برادران کو کمانڈنگ آفیسر کا توصیف نامہ
حیدرآباد 31 جولائی (راست) انڈین اسٹائیل ریسلنگ کی تربیت گاہ ’تعلیم عملہ پور‘ کو فوجی ریسلرس کو بھی تربیت دینے کا اعزاز حاصل رہا ہے جو شائد ہی کسی تربیت گاہ (اکھارہ) کو یہ مقام حاصل ہوا ہو۔ یہاں پر مختصر سی تربیت پاکر چھٹی بٹالین جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری کے ریسلرس نے حال ہی میں منعقدہ 54 انفنٹری ڈیویژن انٹر یونٹ ریسلنگ چمپئن شپ میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ عثمان بن محمد الہاجری خلیفہ علی استاذ تعلیم عملہ پور نے عبداللہ بن محمد الہاجری المعروف معین بھائی خلیفہ علی استاذ تعلیم عملہ پور کی نگرانی میں اس یونٹ کے ریسلرس کو جاریہ سال فروری تا مئی مفت اور خصوصی تربیت دی تھی۔ کمانڈنگ آفیسر چھٹی بٹالین جموں و کشمیر لائن انفنٹری کرنل آمیاتر پاٹھی نے ان کی بٹالین کے ریسلرس کو بہترین تربیت دینے پر جناب عثمان بن محمد الہاجری اور جناب عبداللہ بن محمد الہاجری سے اظہار تشکر کیا اور دونوں کو استاذ کو پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ بہترین تربیت دینے پر مکتوبات تشکر و توصیف پیش کئے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں ان کی بٹالین کو بے لوث اور بے نظیر تربیت دینے اور اس میں جانفشانی کا مظاہرہ کرنے پر اظہار تشکر کیا اور کہاکہ ان کی ریسلنگ ٹیم کو تربیت دینے میں جو جانفشانی اور پیشہ وارانہ ٹریننگ کا مظاہرہ کیا گیا ہے اس پر وہ ممنون ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یونٹ کو ایک طاقتور پیشہ ور ریسلنگ ٹیم میں تبدیل کرنے میں جس جانفشانی اور انتھک محنت کی ہے اس کی وہ توصیف و تعریف کرتے ہیں۔