پاپولر فرنٹ انڈیا کے زیر اہتمام تعلیمی اشیاء کی تقسیم، جناب عابد علی اور دیگر کا خطاب
ناندیر 22 جون (فیاکس) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی کمیونیٹی ڈیولپمنٹ انچارج(ریاست مہاراشٹرا) جناب محمد عبدالعظیم صدیقی کی موجودگی میں ریاستی سطح پر اسکولی لوازمات کی تقسیم کے تقریب کا افتتاح 18 جون 2014 بروز بدھ عثمان شاہی پرائمری اسکول ، پکّی چال ناندیڑ میں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر بطور مہمانان ِ خصوصی ناندیڑ ٹیکسٹائیل ملز کے چئیر پرسن جناب ظفر صدیقی ، سرجے صاحب کے علاوہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ایجوکیشن آفیسر جناب بھاگوت جوشی ، مولانا شیخ اظہر، سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ناندیڑ ضلع صدر جناب محمد اعجاز، نائب صدر جناب احمر ندیم موجود تھے ۔ پروگرام کے آغاز میں جناب عابد علی ( صدر ، ضلع ناندیڑ)نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا کہ کہ ملک کے ہر بچے کا تعلیم حاصل کرنا یہ اس کا حق ہے، اور اس حق کو ان تک پہنچانے کی ذمہ داری ملک کے ہر فرد کی ہے۔ اس ذمہ داری کے احساس کے تئیں پاپولر فرنٹ آف انڈیا جو کہ ایک سماجی تنظیم ہے ہر سال پورے ملک میں ’’ اسکول چلو ‘‘ اس پروگرام کو قومی سطح پر عمل میں لاتا ہے۔انھوں نے تنظیم کی اس مہم سے متعلق مقاصد کو گوش و گذار کرتے ہوئے اس حقیقت کی وضاحت کی کہ اسکول کے ان لوازمات کی ضرورتمند طلباء کے لیے آج انتہائی ضرورت بن چکی جس کے بغیر غریب ، نادار بچہ یا بچی مدرسہ جانے سے گریز کررہے ہیں جس کی وجہ سے اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ مولانا شیخ اظہر نے قرآن کی روشنی میں تعلیم کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ علم کو حاصل نہ کرنا یا اس سے دور رہنا یہ اﷲ کی نافرمانی ہے۔اور اﷲ کے غضب کا باعث ہے۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ایجوکیشن آفیسر جناب بھاگوت جوشی نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاپولر فرنٹ آف ا نڈیا کے سماجی کام سے بہت متاثر ہوا ہوں کہ وہ پورے ملک میں اتنا بڑا کام انجام دیتے ہیں ، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے نعرے ’’ نیا کارواں ، نیا ہندوستان ‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یقینا آج ہم کو ایک نئے ہندوستان کی ضرورت ہے جس میں سب خوشحال ہوں وگرنہ ہم سالوں سے یہی حالت دیکھتے آرہے ہیں جو آج ہے اور اس میں کوئی بدلاؤ نہیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب نے کسی کو بھی تعلیم حاصل کرنے سے نہیں روکا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت بہت سے تعلیمی لوازمات طلباء کو فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن سماج سے اس طرح اور بھی افراد ان ضرورتمند بچوں کی مدد کریں تو حکومت کی بھی مدد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کہ سماجی کاموں میں میونسپل کارپوریشن ہمیشہ ساتھ دے گا۔جناب عبدالعظیم صدیقی نے تعلیم اور اس کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو حاصل کرنا ، پڑھنا اور لکھنا ہم پر فرض قرار دیا جا چکا ہے اور فرض کی تکمیل نہ کرنے پر آج ہم پستی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔پاپو لر فرنٹ آف انڈیا ریاستِ مہاراشٹر کے متفرق اضلاع میں اسکولی لوازمات کی تقسیم کے پروگراموں کا انعقاد کرنے جارہا ہے جیسے پونا ، شولاپور، اورنگ آباد ، ناندیڑ ، وغیرہ ۔حقِ تعلیم قانون کے تحت 6 تا 14 سال کی عمر کے ہر بچے کے لیے تعلیم اس کا انتہائی اہم حق ہے اور وہ اس کو ملنا ہی چاہیے، اور اس کے لیے حکومت کے سا تھ ساتھ سماج کے سر برآردہ افراد کا بھی اس میں حصہ لینا ضروری ہے تا کہ ہم سب مل کر منظم کاوشوں کے ساتھ ملک کے ہر بچے تک اس کا یہ حق پہنچا سکیں۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا اقلیتی تنظیموں اور لیڈروں کو آواز دیتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے بچوں کو مدرسہ کو بھیجنے کا ہر ممکن انتظام اور کوشش کرے ۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ایک عرصے سے ملکی سطح پر ’’ اسکول چلو ‘‘ پروگرام چلارہا ہے اور ہماری ان کاوشوں کے خاطرخواہ نتائج بھی سامنے ہیں۔