تعلیمی و طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات

شادنگر۔ 25 جون ۔( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا کے دورۂ شادنگر کے موقع پر رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو نے شادنگر آئی بی گیسٹ ہاوز میں ملاقات کرتے ہوئے شادنگر گورنمنٹ ہاسپٹل میں درپیش مسائل کے متعلق ایک تحریری یادداشت حوالے کی ۔ بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا نے شادنگر آئی بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ شادنگر میں واقع 50 بیڈ والے گورنمنٹ ہاسپٹل کو ایریا ہاسپٹل میں تبدیل کرتے ہوئے 100 بیڈ والا ہاسپٹل بنانے کا تیقن دیا ۔ تلنگانہ عوام کا دیرینہ خواب علحدہ تلنگانہ ریاست کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے گزشتہ 14 سال سے ٹی آر ایس پارٹی اور تلنگانہ کی کروڑہا عوام کی جدوجہد اور کے چندراشیکھر راؤ کی قیادت میں کی گئی جدوجہد آخرکار رنگ لائی ۔ قیام تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران تلنگانہ کے کئی ایک نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانیں قربان کردی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا سہرا کے سی آر کو ہی جاتا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی تلنگانہ علاقہ کی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کریگی۔ تلنگانہ ریاست میں موجود تمام طبقات کے ساتھ ٹی آر ایس پارٹی انصاف کرتے ہوئے ان کو ان کا حق دے گی ۔ تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبودی اور ترقی کے علاوہ تلنگانہ ریاست کو ترقی کی سمت رواں دواں کرنے کی ہرممکنہ کوشش کی جائے گی ۔ پسماندہ طبقات کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے گی ۔ انھوں نے تلنگانہ ریاست میں واقع زرعی اراضی کو سیراب کرنے کاتیقن دیا ۔ شہر حیدرآباد کے اطراف و اکناف 100 کیلومیٹر کی دوری تک علاقوں کو سٹلائیٹ ٹاؤن شپ بنانے کا منصوبہ ہے ۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بی بی نگر کے پاس نمس ڈیم یونیورسٹی کا منصوبہ ہے۔اس کے علاوہ ہیلت ہب بھی بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ مرض میں مبتلا مریضوں کا بہتر سے بہتر علاج کیا جائے گا ۔دیہی علاقوں کی عوام سے سرکاری ہاسپٹل سے بھرپور استفادہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ علاقہ میں واقع سرکاری ہاسپٹلوں میں تمام تر سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ اور ہر ایک منڈل ہیڈکوارٹر میں 30 بیڈ کا ہاسپٹل بنانے کا منصوبہ ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی نگہداشت حاصل ہوسکے ۔ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو فیس ریمبرسمنٹ کی فراہمی کیلئے ٹی آر ایس حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے سے قبل اپوزیشن جماعتوں سے گفتگو کے بعد ہی فیصلہ لیا جائے گا ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی ہی ہمارا نصب العین ہے ۔ پولاورم کے متعلق جاری کردہ آرڈینینس کی ڈپٹی چیف منسٹرٹی راجیا نے سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے تلنگانہ کے مطابق ہی تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں لایا جانا تھا لیکن مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور آندھراپردیش چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے مرکز کو غلط باور کراتے ہوئے آرڈنینس جاری کروایا ۔ انھوں نے کـہا کہ آئندہ منعقدہ پارلیمانی اجلاس میں ٹی آر ایس پارٹی پولاورم مسئلہ پر آواز اٹھائے گی اور آرٹیکل 3 پر عمل آوری کا مطالبہ کرے گی ۔ ٹی آر ایس پارٹی صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے تحریری و راست نمائندگی کرے گی ۔ اس موقع پر اندے باپیا ، اکولہ ملیش ، وینکٹ رام ریڈی ، محمد ذاکرالدین ، محمد عبدالرؤف ، محمد سلیم ، ایم ایس نٹراج ، رام ایل نائیک ، منگولال نائیک، ویلا پلی شنکر، شرت کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس پارٹی قائدین موجودد تھے ۔ بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کے ہاتھوں ایک خانگی ہاسپٹل کا افتتاح عمل میں آیا ۔ اس موقع پر ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔