گلبرگہ۔18اپریل : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کے ایک سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر پروفیسر ڈی کے چندر شیکھر نے ریاستی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ریاست میں فرقہ پرست عناصر کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ خاص طور پر پچھلی بی جے پی حکومت نے تعلیمی نصاب کو زعفرانے کا کام انجام دیاتھا، حکومت نے اب تک نصاب سے ان موضوعات کو نہیں ہٹایا ہے۔ انہوںنے حکومت کو آواز دی کہ کمسن ذہنوں کو مکدر کرنے والے فرقہ پرست نصاب کو فوراً ختم کیا جائے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی کے موقع پر کے پی سی سی دفتر میں مخاطب ہوکر پروفیسر چندر شیکھر نے کہاکہ بابا صاحب امبیڈکر نے جو انصاف پسند آئین ترتیب دیاہے، آج فرقہ پرست طاقتیں اسی آئین کو مٹانے کے درپے ہیں۔ ان طاقتوں کو ناکام بنانا سیکولر طاقتوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مرکزی حکومت نے تعلیمی نصاب ترتیب دینے والی کمیٹیوں میں ایسے افراد کو مقرر کیا ہے جو اس ذہنیت کی ترجمانی کرتے ہیں ،جس نے ملک کے سیکولر آئین کی مخالفت کی ہے۔ ملک بھر میںفرقہ وارانہ زہر کو پھیلانے کی سازش رچانے والے عناصر کو ان کی حدود میں رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس موقع پر کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے مخاطب ہوکر وزیراعلیٰ سدرامیا سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے کمزور طبقات کے بیک لاگ اسامیوں کو جلد از جلد پر کرنے کیلئے قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ دلت طبقہ صرف جھونپڑ پٹی تک محدود نہیں ہے، بلکہ آج اس طبقے کے نوجوان آئی اے ایس اور آئی پی ایس جیسے امتحانات میں کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت میں اے ، بی اور سی زمرے کے بیاک لاگ اسامیوں کو جلد از جلد پر کرنے کیلئے قدم اٹھائے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ سماج میں جو عدم توازن پایا جاتا ہے اس کو ختم کرنے کیلئے حکومتوں کی طرف سے منصوبے مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔آزادی کے بعد سے آج تک بھی دلت طبقے کو اچھوت نظام کا شکار بنایا جاتا ہے۔ امبیڈکر نے اپنے آئین کے ذریعہ دلتوں کو صرف دس سال تک ریزرویشن دینے کی وکالت کی تھی، لیکن آج بھی دلت طبقے کی معاشی حالت کو سدھارنے کیلئے ایسا کوئی ٹھوس قدم اٹھایا نہیں گیا کہ جس کی بناء پر اب یہ کہا جاسکے کہ دلت طبقے کو ریزرویشن کا پورا فائدہ مل چکا ہے۔ پرمیشور نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت سب کو ترقی اور سب کو خوش حالی کے اصول کو اپنا کر کام کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پچھلی یو پی اے حکومت نے حیدرآباد۔ کرناٹک علاقہ کی ترقی یقینی بنانے کیلئے آئین کی دفعہ 371J منظور کیا۔ اس دفع کی بدولت آج حیدرآباد۔ کرناٹک علاقوں کوترقی کے ثمرات ملنے شروع ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر پرمیشور نے فرقہ پرست تنظیم آر ایس ایس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں گھر واپسی کا ڈھنڈورا پیٹنے والی آر ایس ایس میں اگر ہمت ہے تو ناگپور میں بدھ دھرم اختیار کرنے والے 45لاکھ ہندوؤں کو اپنے مذہب میں واپس لاکر دکھائے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ایچ آنجنیا ، پارٹی لیڈران ایم وی راج شیکھرن ، ویرنا متی کتی ودیگر موجود تھے۔