تعلیمی مہارت کیلئے محنت و جستجو ضروری

کورٹلہ۔/11جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نونہال ہائی اسکول اردو میڈیم کورٹلہ میں مولانا سید مظہر قاسمی کی صدارت میں جلسہ تقسیم سیاست کوسچن بینک SSC اردو میڈیم منعقد ہوا۔ جناب محمد عبدالرحیم صدر مدرس مدرسہ ہذا نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ تعلیمی میدان میں روز نامہ سیاست کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ادارہ سیاست طلباء و طالبات کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے مختلف مسابقتی امتحانات، مفت کوچنگ کا اہتمام کررہا ہے اور ذہین طلبہ کی ہمت افزائی کے لئے اسکالر شپ جاری کئے جارہے ہیں۔ ادارہ سیاست کی کاوشوں کے نتیجہ میں ملت کے ہزاروں طلباء و طالبات کامیابی کی سمت تیزی سے گامزن ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کوسچن بینک ایس ایس سی کے طلباء و طالبات کیلئے کافی مفید ثابت ہورہا ہے۔ مولانا سید مظہر قاسمی نے اپنی تقریر میں کہا کہ سچی محنت و لگن کے ذریعہ ہر ایک طالب علم اعلیٰ عہدہ پر فائز ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم میں مہارت حاصل کرنے کیلئے رنگ، نسل، خاندان، دولت مند ہونا ضروری نہیں۔ اگر دل میں علم کی فضیلت ہو اور سچی محنت و لگن کے ساتھ علم حاصل کیا جائے تو ہر طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ روز نامہ سیاست قابل مبارکباد ہے کہ ملت کے طلباء کے درخشاں مستقبل کیلئے ہر سال عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سیاست کوسچن بینک شائع کرواکر طلباء و طالبات میں مفت تقسیم کررہا ہے۔

جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ مدرسہ ہذا کے ہونہار طالب علم شیخ جنید جو اس اسکول سے ایس ایس سی کے امتحان میں ریاستی سطح پر ٹاپر آکر گولڈ میڈل حاصل کئے، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کی سرپرستی میں بی ٹیک کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ جنید جیسے کئی طلباء و طالبات جو غربت کے سبب تعلیم حاصل کرنے سے قاصر تھے روز نامہ سیاست کے تعاون کے سبب اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورٹلہ ٹاؤن کے ایسے ذہین طلباء وطالبات جو غربت کے سبب تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کیلئے اپنی جانب سے ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ جناب الیاس احمد خان صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا شاخ کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ادارہ روزنامہ سیاست ملت کی فلاح و بہبودی کیلئے جو اقدامات کررہا ہے اس کی جتنی سراہنا کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ نونہال ہائی اسکول اردو میڈیم کورٹلہ جو مختصر عرصہ میں اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے صدر مدرس جناب محمد عبدالرحیم اور مدرسہ ہذا کے تمام اساتذہ کو مدرسہ کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے سیاست کوسچن بینک سے مستفید ہوتے ہوئے اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرنے کی طلباء سے خواہش کی۔ جلسہ کی کارروائی حافظ مولانا جاوید اختر قاسمی نے چلائی۔ حافظ محمد غیاث الدین سلمان کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ اس جلسہ میں مدرسہ ہذا کے اساتذہ مولوی محمد عارف ، مولوی محمد نوید، مولوی ادریس، مولوی واثق، مولوی ضمیر، مولانا عبداللہ، مولانا طارق اسعدی نے شرکت کی۔