ریاضی کے تبدیل شدہ اسباق کو اُردو نصاب میں شامل کرنے پر زور
بھینسہ۔ 21 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے کئی کارنامے انجام دے رہی ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ریاستی وزیراعلیٰ ہر شعبہ کو ترقی کی طرف گامزن کررہے ہیں، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ تعلیمی شعبہ میں وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ پسماندگی کی طرف گامزن ہوتا جارہا ہے۔ ریاست کی ترقی اسی وقت ممکن ہے۔ جب ریاست میں تمام شہری تعلیم یافتہ ہوں۔ وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں اُردو کو دوسری سرکاری زبان دینے کی بات اپنے منشور میں کہی تھی لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ تعلیمی سال 2015-16ء کے آغاز پر ریاست تلنگانہ کے طلباء و طالبات اپنے تعلیمی مشن کو جاری رکھتے ہوئے ریاستی ادارہ پر اپنے تعلیمی تحقیقی و تربیت (SCERT) کی جانب سے شائع کردہ نئے نصاب سے مطابق کتابیں خرید چکے ہیں اور تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ جماعت دہم اُردو میڈیم کی ریاضی کی کتاب کے دو اسباق حقیقی اعداد اور سیٹس کا مطالعہ کیا جاتا ہے تو ان دو اسباق میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے لیکن جماعت دہم اُردو میڈیم ریاضی کی کتابوں میں سابق تعلیمی سال 2014-15ء کے دو اسباق حقیقی اعداد اور سیٹس جوں کا توں برقرار ہیں۔ جب تلگو اور انگریزی میڈیم جماعت دہم کی ریاضی کی کتاب دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ یہ دو اسباق میں تبدیلی کی گئی ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اُردو میڈیم جماعت دہم کی ریاضی کی کتاب میں دو اسباق حقیقی اعداد اور سیٹس میں پرانا مواد جوں کا توں برقرار ہے۔ اس کو حکومت یا (SCERT) ادارہ کی نا اہلی یا غفلت سمجھو؟ جب جماعت دہم اُردو میڈیم ریاضی کی کتاب دیکھتے ہیں تو تلگو اور انگریزی میڈیم تعلیمی سال 2015-16ء کی کتاب شائع کی گئی۔ اسی کے ہوبہو ہے لیکن جب کتاب کا جائزہ لیا جائے تو دو اسباق کو تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ جوں کا توں برقرار رکھا گیا ہے، لیکن تلگو اور انگریزی میڈیم کی دو اسباق میں تبدیلی کی گئی ہے۔ بھینسہ کریسنٹ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی (رجسٹرڈ) کے صدر سید بشیر و اراکین مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اور شعبہ نصاب و درسی کتاب ریاستی ادارہ برائے تعلیمی تحقیق تربیت (SCERT) تلنگانہ اس جانب فوراً توجہ دیں اور نئی کتاب میں تبدیل شدہ دو اسباق کو شامل کرے، ورنہ طلباء کے ریاضی کے نشانات میں کمی ہونے کا خدشہ ہے اور ساتھ ہی ساتھ ریاست تلنگانہ کے تمام اُردو میڈیم ریاضی کے اساتذہ اس جانب توجہ دیں اور اُردو کے ساتھ ناانصافی کے سلسلے کو روکنے کیلئے کمربستہ ہوجائے۔ اس اجلاس میں سوسائٹی کے نائب صدر عبدالکریم جنرل سیکریٹری محمد اکبر خاں جوائنٹ سیکریٹری عبداللطیف اور سوسائٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔