تعلیمی اشیاء اور اساتذہ کا احترام کرنے طلباء کو مشورہ

نظام آباد:26؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد کا مرکزی دینی واقامتی ادارہ مظہر العلوم آٹو نگر نظام آباد میںہرسال کی طرح امسال بھی 7شعبان المعظم سے امتحانات سالانہ برائے عالمیت کا آغاز عمل میں آچکا ہے۔ اس موقع پر ہال ٹکٹس (تذکرہ الامتحان) تقسیم کرتے ہوئے حضرت مولانا سید ولی اللہ قاسمی صاحب ناظم ادارہ ہذا نے طلباء مدرسہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ حصول علم کیلئے انہماک لازمی ہے او راس راہ میں آنے والی ہر مشقت کو برداشت کرتے ہوئے تحصیل علم کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔ ذوق وشوق بھی ہر طالب علم کیلئے ایک بنیادی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اکابرین واسلاف کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ دلچسپی کا مظاہرہ کریں ۔ آلات علم اور اساتذہ کا ادب واحترام بھی علم میں برکت کیلئے بہت ضروری ہے۔ طلباء کو چاہئے کہ گناہوں سے اپنے آپ کو دور رکھے ۔ طاعات ومرضیات الہی کے مطابق زندگی گذاریں بطور خاص زبان کے غلط استعمال اور دوسرو ں کو تکلیف پہنچانے سے گریز کریں ۔ اسی کے ساتھ ساتھ نبی اکریم ؐ کی سنتو ں کو اپنے اندر اہتمام سے ادا کرنے کی کوشش کریں۔ انتظامیہ کا ہر اعتبار سے تعاون کریں اُن کے بنائے ہوئے اُصول وضوابط پر اپنے آپ کو ڈھالیں۔ جو نگران اور استاد تمہارے لئے شب وروز محنت کرتے ہیں اُن کی قدر کریں اور تمام منتظمین سے والہانہ عقیدت ومحبت کا برتاؤ کریں ۔ اس موقع پر مفتی رئیس قاسمی، مفتی محمود قاسمی، مفتی عبدالماجد قاسمی، مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی، مولانا ارشد علی قاسمی، مولانا عبدالصمد حسامی اور دیگر موجود تھے۔