دوبئی ۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے وسطی شہر تعز میں الراھدہ اور الشریجہ کے مقامات پر اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں نے بڑے پیمانے پر فضائی حملے کئے جس میں مخالف کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ۔ تعزمیں باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ ’العربیہ ‘ کے مطابق یمن میں سرگرم عوامی مزاحمتی فوسز کے سربراہ نے کہا کہ کئی اہم مقامات پر حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے اور حکومت نواز قوتیں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ الشریجہ اور الراھدہ کے محاذوں پر مزاحمتی فورسز کا پلڑا بھاری ہے اور وہ دشمن کو شکست دیتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تعز کے بعض ٹیلوں اور پہاڑی علاقوں میں حوثی باغیوں نے اپنے چھاپہ مار دستے تعینات کر رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے الراھدہ کو ملانے والی سڑکوں کو جگہ جگہ سے اکھاڑ دیا ہے اور پلوں کو دھماکوں سے اڑا یا جا رہا ہے تاکہ الراھدہ سے حکومتی فورسز کی پیش قدمی روکی جا سکے۔