تشکیل کابینہ سے قبل مودی کی امیت شاہ، جیٹلی سے ملاقات

صدر بی جے پی کی رہائش گاہ اور آر ایس ایس ہیڈکوارٹرز پر زبردست سرگرمیاں

نئی دہلی ۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے کابینہ کی تشکیل سے قبل آج اپنے انتہائی قریبی و بااعتماد رفیق کار اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری امیت شاہ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران بی جے پی کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے آر ایس ایس کے دفتر پہنچ کر سنگھ پریوار کے سینئر قائدین سے ملاقات کی۔ نریندر مودی نے چانکیہ پوری میں واقع گجرات بھون میں امیت شاہ اور ارون جیٹلی سے تبادلہ خیال کیا۔ ارون جیٹلی کو اگرچہ لوک سبھا انتخابات میں شکست ہوگئی ہے اس کے باوجود مودی کابینہ میں ان کی شمولیت کی توقع کی جارہی ہے۔ بی جے پی کے ایک اور سینئر لیڈر اور اترپردیش کے سابق چیف منسٹر کلیان سنگھ نے بھی مودی سے تبادلہ خیال کیا اور توقع ہیکہ مودی بہت جلد این ڈی اے میں شامل حلیف جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ ان میں شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکر اور تلگودیشم قائدین شامل ہیں۔ اس دوران بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ کی اشوکا روڈ پر واقع رہائش گاہ پر اجلاس اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی قائدین نے ان سے ملاقات کی۔ جن میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشماسوراج، اوما بھارتی، گوپی ناتھ منڈے، یوگی آدتیہ ناتھ، ورون گاندھی اور کئی نومنتخب بی جے پی ارکان لوک سبھا شامل ہیں۔ دہلی کے کیشوپورم پر واقع آر ایس ایس ہیڈکوارٹرز پر بھی آج زبردست سرگرمیاں دیکھی گئیں جہاں سابق معتمد داخلہ اور نومنتخب رکن لوک سبھا آر کے سنگھ گجیندرا سنگھ شیخاوت، دہلی کے ارکان پارلیمنٹ اودت راج، منوج تیواری اور اترپردیش کے سینئر لیڈر ونئے کٹھیار نے آر ایس ایس کے سینئر دمہ داروں سے ملاقات کی۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاوڈیکر نے آر ایس ایس کے ذمہ داروں سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس کل یہاں منعقد ہوگا۔ ہمارے ارکان پارلیمنٹ یہاں پہنچ کر بی جے پی صدر اور آر ایس ایس ذمہ داروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جہاں صرف کل کے اجلاس کے بارے میں بات چیت کی گئی اور کوئی دوسرا مسئلہ زیربحث نہیں آیا۔