سرینگر۔28ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کی معلق اسمبلی میں واحد سب سے بڑی جماعت پی ڈی پی نے تمام امکانات کے تعلق سے محتاط طرز عمل اختیار کیا ہے ۔ پارٹی نے آج نومنتخب ارکان اسمبلی سے مشاورت شروع کی تاکہ بی جے پی یا کانگریس کے ساتھ اتحاد کے حساس مسئلہ پر اتفاق رائے ہوسکے ۔ پارٹی کے ترجمان نعیم اختر نے کہا کہ تمام امکانات کھلے ہیں جن میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل حکومت کے لئے اتحاد کے سلسلہ میں مختلف امکانات پر پارٹی ارکان اسمبلی سے غیر رسمی مشاورت کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اندرون پارٹی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی ریاست میں پہلی مرتبہ اقتدار میں شراکت کی خواہاں ہے اور وہ پی ڈی پی کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس سے بھی ربط برقرار رکھے ہوئے ہے۔