مکتھل میں مسلمانوں کی فتح ریالی، آل میوا قائدین کی مخاطبت
مکتھل /2 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر مکتھل ٹاؤن میں مسلمانوں نے بعد نماز جمعہ تلنگانہ فتح ریالی نکالی، جو جامع مسجد سے براہ آزاد نگر، برہان گڈہ، پولیس اسٹیشن اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر چوراہا ہوتے ہوئے بس اسٹیشن پہنچی، جہاں ریالی میں موجود ہزاروں نوجوانوں اور بزرگوں نے رائچو۔ حیدرآباد قومی شاہراہ پر انسانی زنجیر بناتے ہوئے تلنگانہ کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی۔ بعد ازاں جناب فاروق حسین صدر ضلع آل میوا محبوب نگر نے ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ جدوجہد اور کوشش کا ثمرہ ہے کہ ایک طویل اور صبر آزما معرکہ آرائی کے بعد تلنگانہ حاصل ہوا اور اب ہمیں امید ہے کہ مسلمانوں کو سماجی، معاشی، اقتصادی اور تعلیمی اعتبار سے تمام جائز حقوق سے استفادہ کا مکمل موقع فراہم ہوگا اور ہماری ہمہ جہتی پسماندگی دور ہوگی۔
انھوں نے تلنگانہ میں قیادت کا خواب دیکھنے والوں کو مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کی یاددہانی کرواتے ہوئے کہا کہ 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر داخلہ جیسے اہم قلمدان مسلمانوں کے حوالے کرتے ہوئے بیورو کریسی میں بھی اہم عہدوں پر مسلمانوں کو فائز کیا جائے۔ جناب فاروق حسین نے تلنگانہ کاز کے لئے مسلمانوں کی جدوجہد اور قربانیوں کی ستائش کی۔ اس ریالی کو مولانا عبد القوی حسامی، جناب منور علی جے اے سی سکریٹری، جناب عطاء اللہ رائچوری اور قاضی شہاب الدین نے بھی مخاطب کیا، جب کہ ریالی میں شریک نوجوان ’’تلنگانہ کاز کے لئے جانے نچھاور کرنے والوں کو ہمارا سلام، تلنگانہ زندہ باد، مل گیا مل گیا، تلنگانہ مل گیا‘‘ جیسے پراثر جملوں پر مشتمل بیانرس اپنے ہاتھوں میں تھامے ہوئے تھے۔