تشکیل تلنگانہ میں تلگودیشم کے فیصلہ کن رول کا دعویٰ

نارائن پیٹ۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم پارٹی کی جانب سے 2008ء میں پرنب مکرجی کو دیئے گئے تائیدی مکتوب کے بعد ہی تلنگانہ کیلئے راستہ ہموار ہوا جبکہ تلگودیشم پارٹی نے کبھی بھی اپنے موقف سے روگردانی نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی وائی ایلا ریڈی نے آج ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی کے سرکردہ قائدین ایس آر ریڈی، رمیش گوڑ، چنیا نرسملو، اظہر الدین، ونود کونسلر، ماروتی، محمود و دیگر موجود تھے۔ اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے وائی ایلا ریڈی رکن اسمبلی نے کہا کہ میں نے 1963ء سے ہی تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا ہے۔ اس وقت میں نے منڈل تلنگانہ کنوینر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھی۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے قیام اور تلنگانہ تحریک کی کامیابی کا سہرا ان نوجوانوں اور طلباء کے سر کیا جنہوں نے اس کاز کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور انہوں نے اس تحریک کو ہندوستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تحریک قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی اور تلگودیشم پارٹی تلنگانہ فورم کی جانب سے اس فیصلہ کا استقبال کیا۔

اسسٹنٹ انجینئر رشوت
لیتے ہوئے گرفتار
کریم نگر۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے آج اسسٹنٹ انجینئر اے پی اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن کملا پور ضلع کریم نگر کو 5000 روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت مکان کی تعمیر کی خاطر منظورہ قرض کی اجرائی کیلئے استفادہ کنندگان سے رشوت طلب کی تھی۔ بعد ازاں انہیں اے سی بی کی خصوصی عدالت حیدرآباد میں پیش کردیا گیا۔