تسکین ،ونڈے ہیٹ ٹرک کرنے والے پانچویں بولر

ڈمبولا۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) تسکین احمد ونڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پانچویں بنگلہ دیشی بولر بن گئے جب انہوں نے سری لنکا کیخلاف دوسرے  میچ کے آخری اوور میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے سری لنکائی اننگز کے آخری اوور میں اسیلا گنارتنے کو مڈ آف اور سرنگا لکمل کو مڈوکٹ پر کیچ کروایا جبکہ نووان پردیپ کو ان سوئنگ یارکر پر بولڈ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔اس سے قبل شہادت حسین، عبدالرزاق، روبیل حسین اور تیج الاسلام بھی بنگلہ دیش کی جانب سے ونڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان  دوسرا ونڈے بارش کی نذر ہو گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے 49.5 اوورز میں 311 رنز بنائے ،کوشل مینڈ س نے سنچری بنائی ۔ بارش کے باعث بنگلہ دیش کو بیٹنگ کا موقع نہ مل سکا اور میچ منسوخ کردیا گیا۔ سیریز میں بنگلہ دیش کو 1-0  کی برتری حاصل ہے۔