تساہلی کے خلاف عہدہد راوں کو سخت انتباہ

محبوب نگر میں ضلع کلکٹر گریجا شنکر کی پریس کانفرنس
محبوب نگر /22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر گریجا شنکر نے منڈل سطح کے عہدہ داروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے پلے وکاس (دیہی ترقی) پروگرام میں عوام سے وصول ہونے والی شکایات کو بعجلت حل کرنے کی ہدایت دی۔ پروگرام کا مقصد دیہاتوں میں درپیش مسائل کو حل کرنا ہے، لہذا متعلقہ عہدہ دار ایک ایک مسئلہ سے واقفیت حاصل کریں اور بہتر تال میل کا مظاہرہ کرکے مسائل حل کرنے میں لگ جائیں۔ انھوں نے ہدایت دی کہ ہر جمعہ کو عہدہ داروں کی ٹیم دیہاتوں کا دورہ کرے۔ عوام سے شکایات وصول ہو رہی ہیں کہ کئی مہینوں سے مسائل زیر التوا ہیں، جنھیں حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں لاپرواہ عہدہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہے۔ انھوں نے منڈل سطح کے عہدہ داروں کو پابند کیا کہ وصول شدہ شکایات سے فوری چیف پلاننگ آفیسر کو واقف کرائیں۔ مواضعات کے دوروں کے درمیان دیہی مسائل کے علاوہ اسکولس، آنگن واڑی مراکز اور راشن شاپس کا معائنہ کیا جائے۔ گرام پنچایتوں کے احاطہ میں عوامی اجلاس طلب کرکے سرکاری فلاحی اسکیمات اور اس کے فوائد سے واقف کروایا جائے۔ صحت و صفائی اور گندگی کو دور کرنے اور بیت الخلاؤں کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔ انھوں نے پینے کے پانی کے بنیادی مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جی آر ایف کے فنڈس سے استفادہ کرکے منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔ اسکولس کے باہر کے طلبہ کو اسکول میں شریک کرانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انھوں نے زرعی عہدہ داروں پر زور دیا کہ کھاد اور تخم مناسب مقدار میں کسانوں کو سربراہ کی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں زیڈ پی ٹی سی اور ویندر، پی ڈی ڈی آر ڈی اے چندر شیکھر ریڈی، پی ڈی ڈوما شریمتی ہریتا اور دیگر عہدہ دار بھی موجود تھے۔