اگرتلہ۔31جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے جنرل سکریٹری اور پولٹ بیورو کے رکن سیتا رام یچوری نے دہرایا کہ اس بار تریپورہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا کامیابی کا سلسلہ رک جائے گا اور وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ کی چمک پھیکی پڑ جائے گی۔مسٹر یچوری نے نامہ نگاروں سے کہاکہ بائیں محاذ نے نہ صرف ریاست میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کا کام کیا ہے بلکہ عام لوگوں کو اچھے اور برے کا فرق بھی سمجھایا ہے ۔ تریپورہ میں حکمراں بائیں محاذ حکومت نے ملک کے سامنے ایک مثال پیش کی ہے کہ کیسے ایک عوام حامی حکومت مکمل حمایت سے کام کرتی ہے اور یہاں اقتدار میں تبدیلی کا کوئی اندیشہ نہیں ہے ۔انہوں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران جنوبی تریپورہ اور کھووئی ضلع میں بائیں محاذ کے امیدوار کی حمایت میں دو ریلیاں کیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام لوگوں کے درمیان منافرت پھیلانا بی جے پی کی پالیسیاں رہی ہیں اور وہ رائے دہندگان کو رجھا کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے لیکن اسے کامیابی نہیں ملے گی۔