انقرہ ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے سرحدی قصبہ یائیلا داجی میں ایک جامع مسجد پر شام سے داغے گئے مارٹر گولے اور راکٹ حملے کے جواب میں ترک فوج نے شام میں جوابی کارروائی کی ہے۔ ترکی کے صوبہ ہاتائی کے گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیر کو شام سے متصل قصبے میں شام سے داغا گیا ایک میزائل مسجد پر گرا اور مارٹر گنوں سے فائر کئے گئے کچھ گولے بھی ترکی کے علاقے میں گرے ہیں، جس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام سے داغے گئے کچھ راکٹ پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کے قریب مسجد اور کچھ کھلے کھیتوں میں گرے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ شام کی جانب سے راکٹ حملوں کے جواب میں ترک فوج نے توپخانے سے شام میں گولہ باری کی ہے۔ ادھر ترک خبررساں ایجنسی ’دوجان‘ کی رپورٹ کے مطابق شام کے آرمینی مسیحی اکثریتی قصبہ کسب میں بشار الاسد اور شدت پسند اسلامی جنگجوؤں کے درمیان جاری لڑائی کے دوران تین راکٹ ترکی کے علاقے میں بھی گرے، جس کے جواب میں ترک فوج نے شام کے اندر گولہ باری کی ہے۔ خیال رہے کہ دس روز قبل اسلامی شدت پسندوں نے اسد نواز فوجیوں کو قصبہ کسب سے نکال باہر کرتے ہوئے ترکی سے متصل گزرگاہ پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد شامی فوج نے اپنی حامی ملیشیا کی مدد سے کسب کے علاقے پر باغیوں کے خلاف ایک بڑا حملہ کیا ہے۔