ترکی میں نئے سال کے جشن پر حملہ کے دو سازشی گرفتار

انقرہ ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی پولیس نے انقرہ میں دو دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے مشتبہ علمبرداروں کو گرفتار کرلیا۔ مبینہ طور پر یہ دونوں دولت اسلامیہ سے ربط رکھتے تھے اور نئے سال کے جشن کے موقع پر بم دھماکے کرنے کی سازش کررہے تھے۔ تاہم پولیس نے ان کے ناموں کا انکشاف نہیں کیا۔ انسداد دہشت گردی پولیس نے دونوں افراد کو ضلع مامک سے جو دارالحکومت کے مضافات میں ہے، گرفتار کیا۔ ایک خانگی ٹی وی چینل این ٹی وی نے یہ اطلاع دی ہے۔ ترکی میں 10 اکٹوبر کو دو خودکش بم برداروں نے انقرہ میں امن کارکنوں کے ہجوم کے دوران خود کو بم دھماکہ سے اڑا لیا تھا جس کی وجہ سے 103 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس وقت سے ہی ترکی میں سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے۔