ترکی میں فٹبال ٹیم کے سربراہ نے چار ریفریز کو یرغمال بنالیا

انقرہ ۔ 30 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ترکی میں ایک فٹبال ٹیم کے سربراہ نے ایک لیگ میچ کے دوران مبینہ غلط فیصلہ کے شبہ پر ریفریوں کو چار گھنٹے تک یرغمال بنالیا ۔ ترکی کے صدر کی مداخلت اور ٹیلی فون کال کے بعد ہی ان ریفریوں کو رہا کیا گیا ۔بحراسود کی ٹیم ترابزونسپور اور غازی انتیپسور کے درمیان چہارشنبہ کو کھیلا گیا ایک فٹبال لیگ مقابلہ 2-2 پر ڈرا ہوگیا تھا لیکن ترابزونسپور کو پنالٹی کی توقع کے ساتھ ریفری کگائے سہان نے زائد وقت دینے کا فیصلہ کیا ۔ جس پر مقامی ٹیم کے حامی شائقین برہم ہوگئے ۔ بعد ازاں ٹیم کے سربراہ ابراہیم حاجی عثمان اوگلو کے حکم پر ریفری سہان اور ان کے تین مددگاروں کو اونی آخر اسٹیڈیم پر چار گھنٹوں تک یرغمال بنالیا گیا ۔ ابراہیم نے جو اُس وقت استنبول میں تھے کہا تھا کہ ریفریوں کو اُس وقت تک اسٹیڈیم کے باہر نکلنے نہ دیا جائے جب تک میں وہاں پہونچ نہ جاؤں ۔ ان چار ریفریوں کے علاوہ ترک فٹبال فیڈریشن کے کئی نمائندوں کو اسٹیڈٖیم کے ایک کمرہ میں مقفل کردیا گیا لیکن رات دیر گئے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کی مداخلت اور ٹیلی فون کال کے بعد انھیں رہا کیا گیا ۔