ترکی میں انسانی حقوق کے تحفظ پر زور

رجب طیب اردوگان سے تھریسا کی بات چیت
انقرہ۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا نے ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ 17 جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد کئے جانے والے اقدامات کے دوران قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فرائض کو ملحوظ رکھے۔ صدر رجب طیب اردوگان سے مذاکرات کے بعد تھریسا نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ترکی میں ناکام بغاوت کے موقع پر برطانیہ نے جمہوری طور پر منتخبہ حکومت کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ اب ترکی کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کیلئے اپنا فرض نبھائے۔‘‘ تھریسا نے کہا کہ ترکی، برطانیہ کا قدیم ترین دوست ہے دونوں ملکوں کے مابین 400سال قدیم تعلقات ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ خلافت عثمانیہ کے ساتھ ملکہ ایلزبیتھ اول کی حکمرانی میں انگلینڈ نے سفارتی تعلقات قائم کیا تھا۔