انقرہ ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی میں وسط جولائی کو منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد باغیوں کے خلاف آپریشن ’کلین اپ‘ زورووشور سے جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت کے خلاف بغاوت میں ملوث 726 فوجی افسران اور 1684 جونیئر فوجی اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ ترک’ سی این این‘ کے مطابق ایک حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش تیار کرنے اور اس میں حصہ لینے کی کوشش کے جرم میں 149 جنرلس اور ایڈمرلز کو ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ برطرف کیے گئے 87 افسران بری فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات تھے۔ ان میں سے 30 فوجی افسر فضائیہ اور 32 بحریہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ سینیر فوجی افسران کی طرفی کا عمل ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب دوسری جانب فوج کے نئے ڈھانچے کی تشکیل نو بھی ہو رہی ہے۔ آج جمعرات کو وزیراعظم بن علی یلدرم کی زیرصدارت مسلح افواج کا اہم اجلاس انقرہ میں منعقد ہو رہا ہے جس میں فوج کے ادارے میں ضروری اصلاحات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ادھر ترک حکومت کے حکم پر 45 اخبارات، 16 ٹی وی چینل، تین نیوز ایجنسیاں، 23 ریڈیو اسٹیشن، 29 اشاعتی ادارے اور 15 جرائد بھی بند کردیے گئے ہیں۔ درایں اثناء امریکہ نے ترکی میں صحافتی اداروں کے خلاف حکومتی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن ترکی کی حکومت کے خلاف بغاوت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی ضرورت کو سمجھتا ہے مگر صحافیوں کے خلاف کارروائی پر سخت تشویش ہے۔