ترکی صدر طیب اردغان نے کیا جرمنی میں یوروپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح 

کلون (جرمنی ) : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے جرمنی کے شہر کلون میں اپنے دورہ کے دوران یوروپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر ترکی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد امن کی نشانی ہے او رانہوں نے اس موقع پر جرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ اور مظاہرے کے باوجود اس مسجد کی تعمیر جاری رکھی ۔ کلون شہر میں اردغان کے حامین او رمخالفین دونوں جمع تھے لیکن پولیس نے مسجد کے باہر کسی کو بھی ٹھہرنے کی اجازت نہیں دی ۔

واضح رہے کہ کلون شہر میں سب سے بڑی مانی جانے والی یہ مسجد کو ترکی سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان گروپ نے تعمیر کروائی ۔

مسٹر اردغان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وہ اس مسجد کے افتتاح پر خوشی محسوس کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں جرمن کے دیگر شہروں میں بھی مساجد دیکھ کر خوشی ہوگی ۔ طیب اردغان نے کہا کہ یہ مسجد لاکھوں ترک شہریوں کیلئے فخر کا باعث ہوگی ۔ طیب اردغان کا دورہ جرمنی ایسے وقت ہورہا ہے جب کہ ترکی اور جرمنی کے تعلقات نہایت کشیدہ ہیں ۔ طیب اردغان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب شروع کیا جائے گا ۔