دمشق۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ حکومت شام کی فوج نے دفاعی اہمیت کے قصبہ کساب پر جو ترکی کی سرحد سے متصل ہے، اپنا قبضہ بحال کرلیا۔ سرکاری ٹی وی کی خبر کے بموجب صوبہ لتاکیا کے قصبہ کساب پر سرکاری فوج کا دوبارہ قبضہ ہوگیا ہے۔ جھڑپ کے دوران کثیر تعداد میں دہشت گرد ہلاک کئے گئے اور ان کے ہتھیاروں پر قبضہ کرلیا گیا۔ یہ ترکی کی سرحد سے قریب واحد قصبہ ہونے کی وجہ سے دفاعی اہمیت کا حامل ہے۔ باغی جنگجوؤں میں شامی القاعدہ کے ارکان بھی شامل ہیں جن کا الحاق النصرہ محاذ سے ہے جس کی فوج کل قصبہ سے تخلیہ کرگئی۔ تخلیہ کے دوران لبنان کی طاقتور نیم فوجی تنظیم حزب اللہ اور صدر شام بشار الاسد کی وفادار فوج نے اس علاقہ پر اپنا قبضہ بحال کرلیا۔ اس علاقہ پر 21 مارچ سے باغیوں کا قبضہ تھا۔ جھڑپ ہنوز جاری ہے۔