حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو تروملا تروپتی دیواستھانم یادگیری گٹہ دیواستھانم اور سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ میں ڈاٹا انٹری آپریٹرس ، اٹنڈرس اور دیگر مخلوعہ جائیدادوں میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے کئی افراد کو ٹھگ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ پی رمیش ساکن تارناکہ جو تروملا دیواستھانم کا سابقہ ملازم ہے نے اپنی تعلیم ترک کرنے کے بعد وہ تروپتی میں سسٹم آپریٹر کی ملازمت کی اور اس دوران اس نے کئی بیروزگار نوجوانوں سے رابطہ قائم کیا اور انہیں مذکورہ دیواستھانم میں ڈاٹا انٹری آپریٹرس اور دیگر جائیدادوں پر تقرر کرانے کے بہانے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ پولیس نے بتایا کہ رمیش نے 30 تا 40 امیدواروں سے لاکھوں روپئے کی رقم حاصل کی اور انہیں ملازمت فراہم کرنے سے قاصر رہا ۔ گزشتہ 5 مہینوں سے بیروزگار نوجوان اس سے رقومات کی واپسی کیلئے اصرار کررہے تھے جس کے بعد وہ غائب ہوگیا ۔ رمیش کے خلاف عثمانیہ یونیورسٹی پولیس بوئن پلی اور کریم نگر پولیس نے بھی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا تھا اور اس کی تلاش جاری تھی ۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔