وسیع تر صیانتی انتظامات، 6000 پولیس ملازمین تعینات ، بی جے پی کی اقتدار بیدخلی کا عہد
کولکتہ ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی و صدر ترنمول کانگریس سالانہ یوم شہیداں جلسہ عام میں کل آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔ یوم شہیداں جلسہ عام کا اہتمام ترنمول کانگریس ہر سال 21 جولائی کو 13 نوجوان کانگریسی کارکنوں کی ہلاکت کے سلسلہ میں کیا کرتی ہے۔ 1993ء میں پولیس فائرنگ کے دوران یہ نوجوان ہلاک ہوئے تھے۔ اس وقت بایاں محاذ برسراقتدار تھا اور ممتابنرجی مغربی بنگال یوتھ کانگریس کی قائد تھیں۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع کے بموجب پارٹی کل اس پلیٹ فام کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کے لائحہ عمل کے اعلان کیلئے استعمال کرے گی۔ یہ جلسہ عام انتہائی اہم ہے کیونکہ ترنمول کانگریس آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اہم کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے۔ جلسہ عام میں پارٹی کے حامیوں کے علاوہ ریاست کی ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کی خواہاں سیاسی پارٹیوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے جن میں کانگریس کے ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ 21 جولائی کے جلسہ عام میں ہم عہد کریں گے کہ 2019ء میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کردیں۔ حکومت کو چیف منسٹر ممتابنرجی کے ملک گیر ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کا 2019ء کے بعد موقع ملے گا۔ ترنمول کانگریس کے سینئر قائدین نے جلسہ عام کے مقام کا جائزہ لیا۔ دریں اثناء 6000 پولیس ارکان عملہ صیانتی انتظامات کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے سینئر قائدین نے جلسہ عام کے مقام کا جائزہ لیا۔ پولیس کے علاوہ تین صریع الحرکت پولیس ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی اور ریڈیو فلائنگ اسکواڈس کی ٹیمیں بھی تعینات رہیں گی۔ گذشتہ کی بنسبت اس بار تعینات ارکان عملہ کی تعداد چار گنی کردی گئی ہے۔ پولیس نے پانچ نگرانکار مینار قائم کئے ہیں۔