کلکتہ ۔31 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا ترنمول کانگریس کا ایک وفداین آر سی کی تازہ فہرست جاری ہونے کے بعد حالات کا جائزہ لینے کیلئے اگست کے پہلے ہفتے میں آسام کا دورہ کرے گی۔ترنمول کانگریس تازہ فہرست جاری ہونے کے بعد شدت کے ساتھ اس کی مخالفت کررہی ہے ۔این آر سی میں اپنے نام شامل کرنے کیلئے 3.29لاکھ افراد نے درخواست دی تھی جس میں سے 2.89کروڑ افراد کے نام کو ہی شامل کیا گیا ہے ۔ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ اس فہرست میں بڑے پیمانے پر خامیاں ہیں ۔آسام کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ریپون بورا نے این آر سی کی تازہ فہرست کو سیاست سے متاثر قرار دیا ہے ۔اپوزیشن کے ممبران لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ہنگامہ میں احتجاج کررہے ہیں ۔ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ شوکھندو شیکھر رائے نے کہا کہ جغرافیائی تبدیلی اور حالات کی وجہ سے اپنے ملک میں ہی نقل مکانی کرنے والے افراد اس کے شکار ہوئے ہیں ۔وزیرا عظم نریندر مودی کو اس معاملے میں انصاف سے کام لینا چاہیے ۔آسام میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔