ترنمول کانگریس کی شاندار کامیابی

کولکتہ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکمران ترنمول کانگریس نے آج بی جے پی اور بایاں بازو کو شکست ِ فاش دیتے ہوئے کولکتہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ وہ 144 وارڈس کے منجملہ اسے 114 پر کامیاب ہوئی۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال کے مختلف اضلاع میں ہوئے مجالس مقامی انتخابات میں 91 کے منجملہ 69 پر بھی ترنمول کانگریس کامیاب رہی۔ بی جے پی کو یہ توقع تھی کہ وہ کولکتہ میونسپل کارپوریشن میں بائیں بازو کو ہٹاکر اصل اپوزیشن کا موقف حاصل کرلے گی لیکن اس کے یہ منصوبے بُری طرح ناکام رہے اور وہ اپنی نشستوں کی تعداد کو 3 سے بڑھاکر 7 تک ہی لے جاسکی۔ ترنمول کانگریس نے گزشتہ بلدی انتخابات میں 95 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس بار نشستوں کی تعداد بڑھ کر 114 ہوگئی جبکہ اصل اپوزیشن سی پی آئی ایم زیرقیادت بایاں بازو محاذ 33 وارڈس سے گھٹ کر صرف 15 تک محدود ہوگیا۔ کولکتہ میونسپل کارپوریشن نے آزاد امیدواروں کو 3 وارڈس پر کامیابی ملی۔ بلدی انتخابات کو آئندہ سال کے اوائل میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات سے قبل ’’سیمی فائنل‘‘ تصور کیا جارہا ہے اور ترنمول کانگریس نے شاندار کامیابی کے ذریعہ پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند کردیئے ہیں حالانکہ اسے کرپشن بشمول شردھا چٹ فنڈ اسکام میں بعض پارٹی قائدین کے ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر و ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے اس کامیابی کو اپوزیشن اور میڈیا کے ایک گوشے کی جانب سے چلائی جارہی مذموم مہم کا منہ توڑ جواب دیا۔ کانگریس جو ریاست میں تیزی سے ختم ہوتی جارہی تھی، 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرپائی، حالانکہ 2010ء میں اس کے 8 ارکان تھے۔