ترنمول کانگریس کا ریاست گیر سطح پر ’’یوم ِسیاہ‘‘

کولکتہ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں برسراقتدار ترنمول کانگریس ہفتہ کے دن اپنے چار کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف آج ریاست گیر سطح پر ’’یومِ سیاہ‘‘ منا رہی ہے۔ ترنمول کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) پر الزام عائد کیا ہے کہ سابق ریاستی وزیر اور مارکسسٹ قائد کرانتی گنگولی ہلاکتوں کی سازش میں ملوث ہیں۔ گنگولی اور دیگر 21 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے جو جنوبی 25 پرگنہ ضلع کے دیہات کھاری میں ہفتہ کی رات پیش آنے والے واقعات کے ملزم قرار دیئے گئے ہیں۔ بعض اشرار نے ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر بم اندازی اور فائرنگ کی تھی جس کی وجہ سے ان میں 4 ہلاکت اور دیگر 3 زخمی ہوگئے تھے۔ جنرل سیکریٹری مکل رائے اور سینئر قائد پارتھا چٹرجی نے اتوار کے دن کھاری دیہات کا دورہ کرتے ہوئے مقامی افراد سے ملاقات کی تھی۔ مقامی افراد نے کہا کہ چند گھنٹے قبل ہی گنگولی بھی کھاری دیہات کا دورہ کرچکے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ بھی اس حملے میں ملوث ہیں۔ واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے بنگال میں بے چینی پیدا کرنے کے لئے سی پی آئی ایم کے ساتھ گٹھ جوڑ کرلیا ہے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرکے، تشدد پر اُکساکر حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے برداشت نہیں کیا جائے گا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے گنگولی ہلاکتوں کو ترنمول کانگریس کا داخلی تنازعہ قرار دیا۔ بی جے پی نے بھی الزامات کی تردید کردی۔