ترنمول کانگریس رکن اسمبلی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ

کلکتہ؍5اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ اپورپا پوددار آج صبح ناردا اسٹنگ معاملے میں انفورسمنٹ ،ڈائریکٹور یٹ کے سامنے پیش ہوئیں ۔ اسٹنگ آپریشن کے مطابق 26اپریل 2014کو اپورپا پوددار نے ناردا نیوز پورٹل کے سی ای او اور ایڈیٹر میتھوز سیموئل سے پنچایت ڈپٹی چیف الیاس چودھری کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور ان سے نقد لیا تھا۔ اس سے قبل اگست میں سی بی آئی نے پوددار کی رہائش گاہ جو ہگلی ضلع کے رشڑا میں واقع ہے پر ناردا اسٹنگ آپریشن میں پوچھ تاچھ کی تھی ۔اپریل میں پوددار نے کلکتہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرکے سی بی آئی کے ذریعہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کو چیلنج کیا تھا ۔ خیال رہے کہ ناردا سٹنگ آپریشن 2016میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل ریلیز ہوا تھا ۔جس میں ترنمول کانگریس کے ایک درجن لیڈروں کو ایک خاص کمپنی کیلئے لابنگ کرنے کے عوض روپیہ لیتے ہوئے دکھلایا گیا ہے ۔ اس میں ترنمول کانگریس کے معطل لیڈر مکل رائے جو اب بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں ، لوک سبھا کے ممبران میں سوگاتا رائے ، اپورپا پوددار، پرسون بنرجی اورکاکولی گھوش دستیدار،ریاستی وزیر فرہاد حکیم، وزیر ٹرانسپورٹ شوبھندو ادھییکاری، وزیر ماحولیات شوبھن چٹرجی، پنچایتی راج اور دیہی ترقی کے وزیر سبرتو مکھرجی ، ممبر اسمبلی اقبال احمد ، سابق وزیر مدن مترا اور آئی پی ایس آفیسر ایس ایم ایچ مرزا شامل ہیں ۔