نئی دہلی۔یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس لیڈر تپس پال کے اس بدبختانہ تبصرہ کی کانگریس اور جے پی نے شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر خود کو غنڈہ قرار دیتے ہوئے اپنے آدمیوں کو بھیج کر اپنے سیاسی حریف کی عورتوں کی عصمت ریزی کردینے کی دھمکی دی تھی۔ بی جے پی لیڈر این کوہلی نے مذکورہ ایم پی کے ریمارک کو مکمل طور پر غیر انسانی ، انتہائی گھٹیا اور بدبدبختانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تپس پال نے خود کو ماضی کا غنڈہ قرار دیا ہے، انہوں نے بندوق استعمال کرنے کی دھمکی دی حد تو یہ ہے کہ اپنے آدمیوں کو بھیج کر اپنے حریفوں کی خواتین کی عصمت ریزی کرانے کی دھمکی تک دے ڈالی جو انتہائی شرمناک ہے۔ یہ ایک قسم کی دہشت گردی ہے جس کے خلاف فوری طور پر کارروائی کا میں مطالبہ کرتا ہوں۔ دریں اثناء کانگریس لیڈر شوبھا اوجھا نے تپس پال کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تپس پال کا بیان انتہائی شرمناک اورخوفناک ہے۔ جس کے خلاف چیف منسٹر بنگال ممتا بنرجی کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیئے۔ واضح رہے کہ تپس پال نے گذشتہ دنوں ایک اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے آدمیوں کو ان کے ( حریف حملہ آور ) کے گھروں کو بھیجوں گا اور ان سے کہوں گا کہ وہ ان کی عورتوں کی عصمت ریزی کردے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایک بھی ٹی ایم سی ورکر کو ہاتھ لگایا گا تو وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سی پی آئی ایم کا خاتمہ کردیا جائے اور ان کے گھروں کو نذرِ آتش کردیا جائے۔ دریں اثناء تپس پال کی اہلیہ نندت پال نے اپنے شوہر کے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اس کے لئے وہ معذرت خواہ ہیں۔