ترنمول ایم پیز کا پارلیمنٹ کے باہر دھرنا بچتوں پر شرح سود میں کمی پر احتجاج

نئی دہلی ، 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے آج پارلیمنٹ کامپلکس میں مہاتما گاندھی مجسمہ کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے پی پی ایف اور دیگر چھوٹی بچت والی اسکیمات پر سود کی شرحوں میں کٹوتی کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ دونوں ایوان کے ٹی ایم سی ارکان نے مرکز کے اقدام کے خلاف نعرے بلند کئے، اور کہا کہ اس سے عام آدمی کو نقصان پہنچے گا اور یہ بھی کہا کہ غیرکارکرد اثاثہ جات کے نادہندگان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ ایم پیز نے اسمال سیونگس اسکیمس پر سود کی شرحوں میں کٹوتی کے فیصلے سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ سینئر ٹی ایم سی ایم پی سوگتا رائے نے بھی لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران مسئلہ اٹھایا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے قبل ازیں اس مسئلہ پر مرکز کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ مسئلہ جگہ جگہ چٹ فنڈز اُبھر آنے کا موجب بنے گا۔ ٹی ایم سی نے اس مسئلے پر کولکاتا میں 3 اپریل کو ریلی بھی منظم کی تھی۔