ترنمول ایم پیز سی بی آئی کے خلاف نائب صدر سے نمائندگی کرینگے

کولکتہ 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا نائب صدر جمہوریہ جناب حامد انصاری سے ملاقات کرکے شردھا اسکام میں سی بی آئی کی جانب سے ایم پیز کو نشانہ بنائے جانے کا مسئلہ رجوع کرینگے ۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان و راجیہ سبھا ایم پی ڈیرک او برائین نے کہا کہ ترنمول کانگریس کور کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آٹھ رکنی وفد جو راجیہ سبھا ارکان پر مشتمل ہوگا نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری سے ملاقات کریگا ۔ انہوں نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کیلئے 6 فبروری کا وقت ملا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا ترنمول کانگریس کے کل ہند جنرل سکریٹری مک رائے بھی اس وفد کا حصہ رہیں گے اوبرائین نے کہا کہ یقینی طور پر وہ بھی رہیں گے ۔ وہ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ہیںاور راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ سے واضح کیا جائیگا کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ کو کس طرح سی بی آئی کی جانب سے نشانہ بناتے ہوئے ہراساں کیا جا رہا ہے ۔