حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے شہر کے نارتھ زون اور ویسٹ زون میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی جس میں کئی غیر سماجی عناصر اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُنھیں حراست میں لے لیا گیا۔ آج شام ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر این سدھیر بابو کی زیرقیادت 200 پولیس ملازمین پر مشتمل خصوصی پارٹی نے ترملگیری کے علاقہ پداکمیلہ میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں 6 سزا یافتہ مجرمین کو حراست میں لے لیا گیا اور 36 گاڑیوں کو دستاویزات کی عدم موجودگی کے سبب ضبط کرلیا گیا۔ قبل ازیں ویسٹ زون پولیس نے علاقہ جمعرات بازار میں رات دیر گئے کارڈن سرچ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد بشمول روڈی شیٹرس کو حراست میں لے لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشورلو کی قیادت میں 400 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس ٹیم نے شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن حدود میں واقع جمعرات بازار کے 400 مکانات میں اچانک تلاشی مہم شروع کردی ۔ تلاشی کے دوران پولیس کو 7 روڈی شیٹرس ‘19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ 35 گاڑیوں کو ضبط کرلیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے ۔ پولیس نے گڑمبہ کے دو ہزار پیاکٹس بھی ضبط کرلئے اور اس سلسلہ میں چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کارڈن سرچ آپریشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ناگراجو ‘اسسٹنٹ کمشنر پولیس آصف نگر مسٹر غوث محی الدین ‘ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز اودے کمار ریڈی اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ وینکٹیشورلو اور 13 انسپکٹران اور 30 سب انسپکٹران شامل تھے ۔