بلسور (اُڈیشہ) ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج 290 کیلومیٹر فاصلے تک وار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے برہموس سوپر سانک کروز میزائل کی ترقی یافتہ شکل کی اُڈیشہ کے ساحل سے کامیاب آزمائشی پرواز کی۔ اسے آئی ٹی آر چاندی پور سے 10 بجکر 40 منٹ پر ڈی آر ڈی او کے عہدیداروں نے داغا۔ یہ میزائل 300 کیلوگرام وزنی روایتی وارہیڈ منتقل کرسکتا ہے۔ یہ ترقی یافتہ برہموس کی آزمائشی پرواز تھی۔ دو مرحلوں پر مشتمل میزائل کا پہلا مرحلہ ٹھوس ایندھن اور دوسرا مرحلہ سیال ایندھن سے متحرک ہوتا ہے۔ اسے پہلے ہی فوج اور بحریہ میں تعینات کردیا گیا ہے۔ فضائیہ کے لئے اس میزائل کا نمونہ آزمائش کے آخری مراحل میں ہے۔ ہندوستانی بحریہ نے 205 سے اس میزائل کو بحریہ میں تعینات کیا ہے اور آئی این اے راجپوت جنگی بحری جہاز پر اسے نصب کیا گیا ہے جبکہ زمینی فوج کی 2 ریجمنٹس یہ میزائل استعمال کرتی ہیں۔ یہ میزائل ہند۔ روس مشترکہ وینچر کمپنی برہموس ایرواسپیس کا تیار کردہ ہے اور فضائل میں بھی اپنی کارکردگی کا کامیاب مظاہرہ کرچکا ہے۔ اس کے تین آلات کا جو حال ہی میں اس میں شامل کئے گئے ہیں، آزمائش کیلئے آج اس کی پرواز کی گئی۔ وزارت ِ دفاع نے تیسرے ریجمنٹ کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے جو یہ میزائل استعمال کرے گا۔