کلواکرتی میں کانگریس لیڈر و سابق وزیر چترنجن داس کی میڈیا سے بات چیت
کلواکرتی۔ 5ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی گیسٹ ہاؤز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر بی سی کمیٹی ریاست تلنگانہ و سابق وزیر چترنجن داس نے کہا کہ پیسہ اور شراب کی بنیاد پر عوام کو جمع کرتے ہوئے آنے والے انتخابات میں اپنی جیت کی یقین دہانی کرنا بالکل غلط اور گمراہ کن بات ہے ۔ جیت اور ناکامی عوامی کی جانب سے دی جاتی ہے تاکہ کثیر مجمع کرنے سے رقم لیکر ووٹ حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ عوام کی خدمت ہی ووٹ کے حصول کیلئے کافی ہے ۔ حلقہ اسمبلی کلواکرتی میں جو کچھ بھی ترقیاتی کام عمل میں آئے ہیں وہ صرف اور صرف میرے دور اقتدار میں اور کانگریس کے ذریعہ عمل میں آئے ہیں یہاں کے سب سے بڑے کام کلواکرتی لفٹ اریگیشن کو لیکر ٹی آر ایس لیڈر جو بات کررہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ 90 فیصد کام کانگریس کے دور حکومت میں ہی انجام پاچکا تھا اور اس کام میں تیزی میرے ایم ایل اے دور میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی خصوصی دلچسپی کے ذریعہ عمل میں آئی تھی ۔ 10فیصد کام کو مکمل کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا سہرا اپنے سر لینا درست نہیں ہے ‘ میں کھلے مباحث کیلئے تیار ہوں ۔ اگر ان قائدین میں ہمت ہے تو آئیں میڈیا اور عوام کے سامنے بات چیت کر کے بتائیں کہ کس نے کیا کام کیا ہے ۔ مشن بھگیرتا کا نام تبدیل کرنے سے کام نہیں بدلتا ‘ کچھ افراد کو بکرے اور بھینس دینے سے ریاست کی ترقی نہیں ہوتی جبکہ یہ پارٹی تمام طرح کی اسکیموں میں صرف اور صرف اپنے کارکنوں کو ہی منتخب کیا ہے ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد مستقل کثیر بجٹ ہونے اور کسی دوسرے کا دباؤ نہ ہونے کے باوجود ٹی آر ایس حکومت نے کونسا پراجکٹ یا کوئی اسکیم عمل میں لائی کھلے عام بحث کیلئے کبھی بھی اور کہیں بھی آمنے
سامنے ہونے کیلئے میں حاضر ہوں ۔ اس موقع پر کانگریس کے کئی ایک قائدین موجود تھے ۔
اوٹنور میں یوم اساتذہ تقریب کا انعقاد
اوٹنور۔5۔ ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمان عادل آباد جی نگیش نے کہا کہ طلباء اعلی تعلیم کے حصول کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے والدین کا نام روشن کریں، وہ یہاں اوٹنور کے کے بی کامپلکس میں واقع ایک اسکول میں یوم اساتذہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ دوران تعلیم سے ہی ملک کی عظیم ہستیوں اور رہنمائوں کو اپنا آئیڈیل تصور کرتے ہوئے اپنا ایک مقصد طئے کرلیں اور پھر اُس مقصد کے حصول کے لئے اپنی دلچسپی اور محنت سے کوششیں کریں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی اجمیرا ریکھا نائک، صدر نشین آئی ٹی ڈی اے اوٹنور لکے رائو،صدر نشین منڈل پریشد راتھوڑ وملا،صر مدرس وینکٹیش، و دیگر عملہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔