ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کا عہدیداروں پر الزام

سی سی روڈ ایک دن میں ٹوٹ گئی ، بھونگیر میونسپل کا اجلاس ، کونسلرس کا اظہار برہمی
بھونگیر یکم / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھونگیر میونسپل کونسل کے ایجنڈہ میں بشمول 13 ویں پنچسالہ منصوبہ کے 2014-15 کے مالیاتی سال کیلئے 118.15 لاکھ روپئے کو ترقیاتی کاموں کو روبہ عمل لانے کیلئے کونسل کی منظوری اور تجاویز کیلئے جائزہ اجلاس چیرپرسن ایس روی ، لاونیا کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ شہر کی ترقی کے نام پر تعمیر کی گئی سی سی روڈ صرف ایک ہی دن میں ٹوٹ گئی ۔ وائس چیرمین بی مہا لکشمی نے عہدیداروں پر بدعنوانی اور کنٹراکٹرس سے سازباز کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ عوامی دولت کے استعمال پر عہدیداران کو جواب دہ ہونے کا اور اپنے طرز عمل میں شفافیت کے اقدامات کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے عہدیداران کی لاپرواہیوں پر اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ بی جے پی کونسلر جگن موہن ریڈی نے کنٹراکٹرس سے سازباز اور سازشی طرز عمل کو سبب بناتے ہوئے نئے کنٹراکٹرس کو بھی مواقع عطا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سی پی ایم کونسلر انورادھا نے موسم گرما کی آمد سے پہلے پانی کی سربراہی اور اس کے حل کیلئے متبادل تجویز پیش کی ۔ کانگریس فلور لیڈر پی منجولا نے کمپیوٹرس کی خریدی میں غیر اطمینانی اور شکوک کا اظہار کیا ۔ انیل اور ہاشم امر (کانگریس ) نے بھی کمپیوٹر ، الماریوں وغیرہ کی خریداری میں کوالیٹی و دیگر ترجیحات کو مدنظر نہ رکھنے پر اور شفافیت کیلئے عہدیدادروں کو متنبہ کیا ۔ پارکوں کے نام رکھنے کیلئے محمد ناصر ، فتح محمد ، چندر مہیندر ، ہاشم امر نے تجاویز پیش کیں ۔ جس کو آل پارٹی میٹنگ کے بعد طئے کرنے کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے منعقدہ بتکماں تقاریب کے اخراجات کا بوجھ میونسپل پر ڈالنے پر کونسل نے اپنی برہمی کا اظہار کیا اور دیگر کونسلرس نے اسٹریٹ لائیٹ صفائی اور سربراہی آب کے ناقص انتظامات پر عہدیداروں کی لاپرواہیوں اور ناقص کارکردگی پر اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ میونسپل کمشنر کے کمار سوامی نے بدعنوانیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈرس آن لائین ہی قبول کئے جاتے ہیں ۔ عہدیداروں کے کسی بدعنوانی میں ملوث ہونے کا کوئی امکان ہی نہیں رہتا اور کہا کہ شفافیت اور عوامی دولت کے استعمال پر وہ عہدیداران بالا کو جواب دہ ہیں اور کسی قسم کی کوئی بدعنوانی کے نہ ہونے اور آئندہ بھی کسی قسم کی بدعنوانی کی گنجائش نہ ہونے کا تیقن دیا ۔